• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکار عمر شریف کی طبیعت پھر خراب، امریکا روانگی دو دن کیلئے موخر

کراچی(افضل ندیم ڈوگر) کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج پاکستانی کامیڈین عمر شریف کی حالت پھر بگڑنے پر انہیں سی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے ان کی صحت کی بہتری کے حوالے سے آئندہ 48گھنٹے اہم قرار دیئے ہیں۔ اس کی بنا پر ان کی امریکہ روانگی موخر کر دی گئی ہے۔ امریکہ میں مقیم امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر اور پاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے واشنگٹن میں عمر شریف کے علاج معالجے کے تمام انتظامات کیے ہیں۔ ڈاکٹر طارق شہاب پاکستانی ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ ڈاکٹر طارق شہاب نے جنگ کو بتایا کہ اتوار کو اداکار عمر شریف کے ڈائیلیسز کے دوران بلڈ پریشر کم ہوگیا تھا۔ ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے انہیں سی سی یو وارڈ منتقل کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ عمرشریف علاج کے لیے امریکہ کا طویل ترین سفر کرنے کے قابل نہیں۔ ان کی صحت کی بہتری کے حوالے سے آئندہ 48گھنٹے اہم ہیں۔ 48گھنٹے کے دوران عمر شریف کی طبیعت دیکھنے کے بعد روانگی کا فیصلہ ہوگا۔ ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق اسی بنیاد پر ائیرایمبولینس کمپنی کو عمر شریف طبیعت کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔ ان کی علاج کے لیے امریکہ روانگی کا نیا شیڈول آئے گا۔

ملک بھر سے سے مزید