• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ بنڈل آئی لینڈ پر غور کریں، وزیراعظم عمران خان


وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ  کراچی میں ترقی کے لیے صوبائی اور وفاقی حکومت کو ملکر کام کرنا ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ سے کہوں گا بنڈل آئی لینڈ پر غور کریں۔

کراچی میں سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی  شریک ہوئے۔

تقریب میں گورنر عمران اسماعیل ،وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سمیت وفاقی وزرا بھی شریک ہوئے۔

منصوبے پر207 ارب روپے لاگت آئے گی ،کراچی سرکلرکا ٹریک 29 کلو میٹر طویل ہوگا ، 16اسٹیشن ہوں گے۔

جدید سرکلر ریلوے کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھنا بڑا موقع ہے، یہ منصوبہ صرف کراچی کے لیے نہیں ہے بلکہ اس سے سارے ملک کو فائدہ ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ ترقی یافتہ ملک دیکھیں تو وہاں کوئی ایک شہر ملک کو لے کر چلتا ہے، کراچی کی اہمیت کا اندازہ پوری طرح سے نہیں لگایا گیا، کراچی شہر سارے پاکستان کے لیے سرمایہ کاری لاسکتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم جانتے ہیں 70کی دہائی میں کراچی کیا تھا،80 میں ترقی کرنے لگا تو شورش شروع ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا نظام کسی بھی شہر کی بنیادی چیز ہوتی ہے، سرکلر ریلوے منصوبہ سارے شہر سے گزرے گا، ٹریفک کادباؤ کم کرے گا۔

عمران خان نے کہا کہ کراچی میں پانی کے مسئلے پر واپڈا کے چیئرمین سے بات کی، دو سال میں کراچی کے لیے کے فور سے پانی پہنچاسکیں گے، کے فور منصوبہ کراچی کے لیے بڑی نعمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی اہمیت کا اندازہ پوری طرح سے نہیں لگایا گیا، کراچی شہر سارے پاکستان کے لیے سرمایہ کاری لاسکتا ہے۔

عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ بنڈل آئی لینڈ کے منصوبے سے سب کو فائدہ ہو گا، شہر پر دباؤ کم ہوگا، ابھی سے منصوبہ بنائیں کہ کن علاقوں پر کام کرنا ہوگا، بنڈل آئی لینڈ سے پاکستان کا فائدہ بیرون ملک سے سرمائے کا آنا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اس منصوبے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بنڈل آئی لینڈ سے فائدہ سندھ کو ہے، اس پر وزیراعلیٰ سے مزید بات کریں گے، بنڈل آئی لینڈ کے منصوبے پر سندھ اور وفاق دونوں کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بڑے منصوبے مشکل ہوتے ہیں، سیاسی عزم کا اظہار نہیں ہوتا، بڑھتی آبادی کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی کرنا ہوگی، وفاق اس منصوبے پر پرعزم ہے، امید ہے حکومت سندھ اس پر تعاون کرے گی۔

تازہ ترین