پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللّٰہ کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ن لیگ کے قائد نواز شریف ہیں، جب ڈاکٹر نواز شریف کو فٹ قرار دیں تو وہ ضرور واپس آئیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللّٰہ نے کہا کہ جھوٹے اور فراڈیے کی نشانی ہوتی ہے کہ وہ اپنا جھوٹ بھول جاتا ہے، انہوں نے شہباز شریف پر الزام لگایا کہ کک بیکس لیے، منی لانڈرنگ سے پیسے باہر بھیجے، ان کا الزام تھا کہ کرپشن کا یہ پیسا پھر باہر سے واپس پاکستان لایا گیا، انہوں نے نیشنل کرائم ایجنسی کے پاس جاکر اپنا کیس پیش کیا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ این سی اے نے ان کے ثبوت اور خطوط پر بیس ماہ تحقیق کی، تحقیق کے بعد این سی اے نے کہا کہ کوئی کرپشن منی لانڈرنگ نہیں ہوئی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ضروری نہیں کہ پارٹی میں سب کی رائے ایک ہو، پارٹی جو فیصلہ کرے پھر ضروری ہے کہ سب اس پر عمل کریں، آئین کی بالادستی، ووٹ کی عزت، انصاف کی فراہمی ہمارا بنیادی بیانیہ ہے۔
رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ کیا ہم نے کوئی قسم کھائی ہے کہ دیوار سے ٹکرانا ہے اور جھگڑا کرنا ہے؟ ہم اپنی منزل کے حصول سے پیچھے نہیں ہٹیں گے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا آج بھی موقف ہے کہ یہ نااہل آوارہ گرد ٹولہ ملک پر مسلط ہوگیا ہے، ہم آج بھی یہ کہتے ہیں کہ اس نا اہل ٹولے کو نکالا جائے۔