اسلام آباد (نمائندہ جنگ) 40فیصد ویکسی نیشن مکمل کرنے پر 8؍ شہروں کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی، میرپور، مظفر آباد، گلگت اور اسکردو میں کورونا پابندیاں یکم اکتوبر سے نرم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، کراچی اور لاہور شامل نہیں ۔
ان 8شہروں میں مزارات اور سینما کھل جائیں گے جبکہ ایک ہزار افراد تک کی بڑی شادیوں کی بھی اجازت ہوگی۔ اب پابندیوں کو لگانے یا اٹھانے کا فیصلہ متاثرہ افراد کی تعداد نہیں بلکہ متعلقہ اضلاع یا شہر میں لگائی جانے والی ویکسین کی تعداد پر ہوگا۔
کورونا وائرس سے مزید 52اموات ،1560نئے مریض رپورٹ،فعال کیسز 48506رہ گئے،462مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات ونیشنل کمانڈ اینڈ آ پریشن سنٹر کے سربراہ اسدعمر نے کہا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 8 شہروں میں پابندیاں نرم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد کے تناظر میں متعدد فیصلے کیے گئے لیکن اب پابندیوں کو لگانے یا اٹھانے کا فیصلہ متاثرہ افراد کی تعداد نہیں بلکہ متعلقہ اضلاع یا شہر میں لگائی جانے والی ویکسین کی تعداد پر ہوگا۔
بدھ کو وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ یکم اکتوبر سے این سی او سی جائزہ لے گا کہ کس شہر یا اضلاع میں کتنی ویکسین لگائی گئی اور پھر پابندی لگانے یا نہ لگانے کافیصلہ کریں گے، 8شہروں میں پابندیوں میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ان شہروں میں کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی، میرپور، مظفر آباد، گلگت اور سکردو شامل ہیں، ان شہروں میں ویکسی نیشن لیول ہائی ہونے کی وجہ سے پابندیاں نرم کی جارہی ہیں۔
یکم اکتوبر سے مکمل طور پر ویکسین نہ لگوانے والے بالغوں پر متعدد پابندیاں بھی عائد کی جائیں گی۔انہو ں نے کہا کہ ویکسین کورونا سے نجات کا واحد حل ہے۔
یکم اکتوبر سے جو پابندیاں لگائی جارہی ہیں وہ ویکسین نہ لگوانے والوں کے لیے ہوں گی ،جن شہروں میں پابندیاں نرم کی جا رہی ہیں وہاں یکم اکتوبر سے انڈور اجتماعات میں 300لوگوں کو شرکت کی اجازت ہوگی۔
ان 8شہروں میں یکم اکتوبر سے آوٹ ڈور اجتماعات میں 1000 لوگوں کو شرکت کی اجازت ہوگی، یکم اکتوبر سے8 شہروں میں مزارات مکمل طور پر کھولے جارہے ہیں۔
8شہروں میں پورے ہفتہ شادیوں کی اجازت ہوگی،دیگر تمام شہروں میں عائد بندشوں کا اطلاق 15 اکتوبر تک رہے گا۔ان شہروں میں سینما ہال کھولے جارہے ہیں لیکن سینما میں صرف ویکسی نیٹڈ افراد ہی جا سکیں گے۔