• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زیادہ تر یورپی باشندوں کیلئے نیشنل آئی ڈی پر برطانیہ میں داخلے کی سہولت ختم

لندن (پی اے) برطانیہ میں داخل ہونے والے زیادہ یورپی باشندوں کو اب ایک درست پاسپورٹ کی ضرورت ہوگی کیونکہ حکومت نے جمعہ سے نیشنل شناختی کارڈ کے ذریعے سفر کرنے والوں کیلئے ملک میں رسائی کی اجازت ختم کر دی ہے۔ اس تبدیلی کا اعلان ایک سال قبل کیا گیا تھا اور یکم اکتوبر سے یورپی یونین، یورپین اکنامک ایریا اور سوئزرلینڈ کے شہریوں کو نیشنل شناختی کارڈ استعمال کرتے ہوئے برطانیہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس کے بجائے ان پر بھی باقی دنیا کے ٹریولرز جیسے یکساں انٹری رولز کا اطلاق ہوگا۔ اس تبدیلی کا اطلاق ان افراد پر نہیں ہوگا جو یو کے یورپی یونین سیٹلمنٹ سکیم یا ایکویلینٹ رائٹس کا حصہ ہیں اور وہ اپنے آئی ڈی کارڈز استعمال کرتے ہوئے 2025 تک برطانیہ میں داخل ہو سکیں گے۔ ہوم آفس کا کہنا ہے کہ بارڈر فورس آفیسرز آئی ڈی کارڈ کو بہت زیادہ ابیوز کی جانے والی دستاویزات میں سے ایک کے طور پر دیکھتے ہیں اور گزشتہ سال بارڈر فورس نے جن تمام جعلی دستاویزات کو پکڑا تھا ان میں سے تقریباً نصف یورپی یونین، یورپی اکنامک ایریا (ای ای اے) یا سوئس آئی ڈی کارڈز تھے۔ برطانوی حکومت نے کہا کہ نیشنل شناختی کارڈ کے ذریعے برطانیہ میں داخلے کی اجازت ختم کرنے سے آرگنائزڈ کرائم گینگز اور غیر قانونی مائیگرنٹس کو بھی روکا جا سکے گا کیونکہ وہ برطانیہ میں غیرقانونی داخلے کیلئے ان کا استعمال کرتے ہیں۔ ہوم سیکرٹری پریتی پٹیل نے کہا کہ برطانیہ کو دنیا کیلئے کھلا ہونے کی اپنی تاریخ پر فخر ہے اور گلوبل بریٹین اپنی اس روایت کو جاری رکھے گا لیکن وہ ان کرمنلز کا قلع قمع کرے گا جو برطانیہ میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے کیلئے جعلی دستاویزات کو استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر محفوظ آئی ڈی کارڈز کے استعمال کا خاتمہ کر کے ہم اپنی سرحدوں کو مستحکم کر رہے ہیں اور ہمارے امیگریشن سسٹم پر کنٹرول واپس حاصل کرنے کی لوگوں کی ترجیح کو ڈلیور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نئے امیگریشن پلان کے تحت یہ اقدامات کر رہے ہیں تاکہ جو لوگ سسٹم کو ابیوز کرنا چاہتے ہیں ان کو روکا جا سکے اور رولز پر عمل کرنے والوں کیلئے یہ ایک منصفانہ سسٹم ہوگا۔

تازہ ترین