وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں پنڈورا لیکس کی تحقیقات کیلئے وزیراعظم نے انسپکشن کمیشن کے تحت اعلیٰ سطح کا سیل قائم کر دیا۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطح کا سیل پنڈورا لیکس میں شامل تمام افراد سے جواب طلبی کرے گا، پنڈورا لیکس کے متعلق حقائق قوم کے سامنے رکھیں جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پنڈورا پیپرز کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا، وفاقی وزراء اور اٹارنی جنرل پر مشتمل کمیٹی نے وزیراعظم کو ابتدائی رپورٹ پیش کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو پنڈورا پیپرز میں شامل پاکستانی افراد سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
پنڈورا پیپرز میں شامل پاکستانی شہریوں کے خلاف تحقیقات کے متعلق تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔