لاہور(نمائندہ جنگ) صوبائی وزیر آبپاشی پنجاب سردار محسن خان لغاری کہتے ہیں پانی کا مسئلہ سنگین ہے جوش سے نہیں ہوش سے کام لینا ہے، پنجاب پانی کی چوری نہیں کررہا، پنجاب پانی چوری نہیں کررہا ،بلاول حقائق تسلیم کریں ،پنجاب اور سندھ میں نفرتیں پیدا نہ کریں،کالا باغ ڈیم کی پنجاب نے کبھی بھی مخالفت نہیں کی، بلاول کو دعوت دیتے ہیں ، مل بیٹھ کر اعتراضات دور کریں۔ڈی جی پی آر آفس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر آبپاشی نے مذید کہا اگر سندھ کے اعتراضات دور نہیں ہو رہے تو بلاول بھٹو زرداری، مراد علی شاہ اور سندھ کے صوبائی وزیر آبپاشی کو دعوت دیتے ہیں کہ مل بیٹھ کا اس مسئلے کو حل کریں، سردار محسن خان لغاری کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم کی پنجاب نے کبھی بھی مخالفت نہیں کی، نئے ریزروائرز بنانے کی پنجاب نے ہمیشہ حمایت کی اور سندھ والوں نے مخالفت کی،ریزروائرز بنانے سے سب سے زیادہ پانی سندھ کو جائے گا،میری سمجھ سے باہر ہے سب سے زیادہ پانی آپکو ملنا ہے تو آپ اس کی مخالفت کیوں کرتے ہیں،کالا باغ ڈیم کو اتنا پولیٹسائز کردیا گیا ہے کہ اس پر سنجیدہ بات ہی نہیں کی جاتی۔