• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: جہاز سے پرندہ ٹکرانے پر پرواز منسوخ، مسافروں کا احتجاج


لاہور ایئر پورٹ سے استنبول جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کے طیارے سے پرندہ ٹکرائے جانے کے بعد پائلٹ نے جہاز واپس اتار لیا، ایئر لائن نے طیارے کی روانگی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی، گھر واپس جانے کے مشورے پر مسافروں کا ایئر پورٹ پر احتجاج، اے ایس ایف کی نفری طلب کرلی گئی۔

ذرائع کے مطابق لاہور سے استنبول جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز سے پرندہ ٹکرائے جانے کے بعد پائلٹ نے طیارہ واپس علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتار لیا، جہاز میں 350 کے قریب مسافر سوار تھے ۔

ایئر لائن کی انتظامیہ نے مسافروں کو جہاز سے واپس اتارنے کے بعد انہیں ڈیپارچر لاؤنج منتقل کر دیا اور طیارےکی روانگی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔

اس موقع پر ایئر لائن انتظامیہ کے مسافروں کو گھر جانے کے مشورے پر مسافروں نے ہوٹل میں رہائش دینے کا مطالبہ کیا، اس صورتحال میں اے ایس ایف نے مسافروں کو احتجاج سے روکنے کے لیے اضافی نفری طلب کرلی۔

جہاز میں سوار ایک مسافر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پرندہ ٹکرائے جانے کے بعد ہماری فلائٹ کینسل کردی گئی ہے۔

مسافر نے بتایا کہ ایئر لائن کے مسافروں نے پی سی آر ٹیسٹ پر ہزاروں روپے خرچ کئے،  کئی مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ کی مدت آج ختم ہو رہی ہے، لوگوں کے ٹکٹ اور ویزے کینسل ہو رہے ہیں اور ایئر لائن حکام گھر جانے کا کہہ رہے ہیں۔

ایئر لائن کے مسافر کا مزید کہنا تھا کہ ایئر لائن حکام آئندہ کی فلائٹ کا شیڈول نہیں دے رہے، ہم رات 2 بجے سے ایئرپورٹ پہنچے ہوئے ہیں۔

تازہ ترین