کراچی سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے لیے ٹیک آف کرنے والی پی آئی اے کی پرواز کے انجن سے پرندہ ٹکرانے پر تھوڑی دیر بعد ہی جہاز کو واپس کراچی اتار لیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پرواز پی کے 368 میں آج دوپہر کراچی سے اسلام آباد کے لیے ٹیک آف کیا، ایئر بس اے 320 کے فضا میں بلند ہوتے ہی جہاز کے دائیں انجن سے پرندہ ٹکرا گیا، پائلٹ نے فوری طور پر ایک ٹریفک کنٹرول کو صورتحال سے آگاہ کیا اور ہدایت ملتے ہی جہاز کو تھوڑی دیر بعد کراچی ایئرپورٹ پر واپس اتار لیا۔
پی آئی اے کے مطابق جہاز میں 162 مسافر سوار تھے، جنہیں لاؤنج میں منتقل کرکے متبادل جہاز کے ذریعے منزل پر روانہ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق یہ جہاز 15 سال پرانا ہے جس کا معائنہ کر کے پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے، ایئرپورٹ کے اطراف آبادی، آلودگی اور پرندوں کے روک تھام کا موثر نظام کا نہ ہونا ایسے واقعات کی سبب بنتے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق فضائی حفاظت اداروں اور معاشرے دونوں کی ذمہ داری ہے اور ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔