وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے چیئرمین قومی احتساب بیورو( نیب) سے متعلق آرڈیننس کا نیا پہلو سامنے رکھ دیا۔
جیونیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کے دوران شبلی فراز نے کہا کہ نئے آرڈیننس کے بعد وزیر اعظم یا اپوزیشن لیڈر میں سے کسی پر الزامات ہیں تو وہ چیئرمین نیب کی تقرری میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب کے گرفتاری کے اختیارات کو محدود کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ نیب میں جاری کیسز کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کی شق بھی شامل کی جارہی ہے۔
اس سے قبل اٹارنی جنرل خالد محمود کہہ چکے ہیں کہ نئے آرڈیننس کے بعد وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے درمیان مشاورت ہوگی۔
وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے بھی کہا کہ چیئرمین نیب کے معاملے پر مشاورت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ہی ہوگی۔