• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافت پر قدغن کی بھرپور مخالفت کرینگے، یوسف گیلانی، جاوید ہاشمی

ملتان(نمائندہ جنگ )سینٹ میں قائد حزب اختلاف و سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے جس نے میڈیا کی آزادی کیلئے ہمیشہ ساتھ دیا ہے،میڈیا کی آواز کا ساتھ دینا ہماری ذمہ داری ہے جس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کا پی ایم ڈی اے کے حوالے سے چارٹر آف ڈیمانڈ درست ہے اگر صحافت پر قدغن لگے گی تو ہم اس کی بھرپور مخالفت کریں گے،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے کہاتھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے جس کہ واضع مثال یہ ہے کہ جس ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے مجھے جیل میں ڈالا،اسی کو مجھ سے عوامی وزیر اعظم کا حلف لینا پڑا اس سے بڑا جمہوری انتقام اور کیا ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام ملٹی سٹیک ہولڈرز میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ مہنگائی کا زہریلا سانپ ہرروز عوام کو ڈس رہا ہے اس صورتحال میں آپ سچائی کو سامنے آنے سے کیسے روک سکتے ہیں، ایک طبقہ یہ سمجھتا ہے کہ ملک کے اصل مقتدر اعلیٰ ہم ہیں اگر یہ سوچ نہ بدلی تو ملک چلانا مشکل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا ورکرز شدید استحصال کا شکار ہورہے ہیں میں خود جیل میں ملک کے نامور صحافیوں کے ساتھ پابند سلاسل رہا ہوں،انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی قیادت کو یقین دلایا جب بھی اپنے حقوق کیلئے آپ نکلیں گے تو جاوید ہاشمی آپ کے ساتھ ہوگا، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذوالفقار نے کہا کہ صحافی شخصی آزادی میں ہر دور میں پیش پیش رہا ہے چاہے آمریت ہویا جمہوریت،تحریک انصاف والے جب عوامی جدوجہد میں تھے تو اس وقت ہم ان کے ساتھ کھڑے تھے جب یہ مظلوم ہونگے تو پھر ہم ان کے ساتھ کھڑے ہونگے۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے کہا کہ ملتان ہمیشہ سے حریت پسندوں کا خطہ رہا ہے اور اس شہر نے ہمشہ سے امریت کو للکاراہے، پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی اصل میں میڈیا مارشل لاء ہے اس سے پریس کے شعبہ پر مکمل طور پر قدغن لگانے کی کوشش کی جارہی ہے جو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی نے کہا کہ ہمارے قائد عمران خان کی 22سالہ سیاسی جدوجہد کو میڈیا نے سپورٹ کیا جس کے باعث آج ہم اس مقام پر ہیں،ہم نے اقتدار میں آنے کے بعد میڈیا ہاؤسز کے سالہا سال سے رکے ہوئے واجبات کو کلیئر کیا ہے ، تحریک انصاف کی حکومت میڈیا سے کوئی دشمنی نہیں رکھتی لیکن ہم سب کو ملکر اس شخص کو بھی موقعہ دینا چاہئے کہ جس کے خلاف خبر لگتی ہے تو اسے بھی اپنی وضاحت کا موقع ملنا چاہیے۔

تازہ ترین