• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام وزراء عبدالقدیر خان کے جنازے میں شرکت کریں گے، شیخ رشید


وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر تمام وفاقی وزراء ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے جنازے میں شرکت کریں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تمام سروسز چیفس اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی نماز جنازہ میں شریک ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پورے اعزاز کے ساتھ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین کی جائیگی، اسلامی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ان کی نماز جنازہ پڑھائیں گے۔

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ فیصل مسجد اور ایچ ایٹ میں بھی تدفین کے انتظامات کررہے ہیں، ڈاکٹر قدیر کی فیملی سے مشورے کے بعد انکی تدفین کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کے انتقال پر سوگ میں پرچم سرنگوں رہے گا۔

واضح رہے کہ محسنِ پاکستان، ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان طویل علالت کے باعث اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ طبیعت بہت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو صبح 6 بجے کے آر ایل اسپتال لایا گیا تھا۔

مرحوم کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے اُن کی نماز جنازہ 3 بج کر 30 منٹ پر فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی۔

تازہ ترین