• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس وقت بھارت عالمی کرکٹ کو کنٹرول کررہا ہے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ دنیا کا امیر ترین کرکٹ بورڈ ہے، اس وقت بھارت عالمی کرکٹ کو کنٹرول کرتا ہے، ان کا جو جی چاہتا ہے وہ کہتے ہیں، کسی میں اتنی جرات نہیں کہ وہ بھارت کے ساتھ ایسا کرسکے۔

مڈل ایسٹ آئی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں کرکٹ کی حالیہ صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پاکستان اور انگلینڈ کے کرکٹ تعلقات، دوسری ٹیموں کی کرکٹ کے تعلقات کا ارتقا دیکھا ہے، میں سمجھتا ہوں انگلینڈ میں آج بھی یہ احساس پایا جاتا ہے کہ وہ پاکستان جیسے ممالک سے کھیل کر ان پر احسان کررہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ نے مایوس کیا، ہمیں انگلینڈ سے کچھ اور کی امید تھی، ہمیں ان سے یہ توقع نہیں تھی کہ وہ یکطرفہ بغیر مشورہ ایسا کرتے، غیرملکی ٹیموں، ان کے تحفظ کیلئے سب سے بڑی پریشانی ہماری ہے، تصور کریں پاکستان میں کسی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کچھ ہوجاتا ہے تو ہم ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دنیا کی بہترین انٹیلی جنس ایجنسی ہے، میں نے چیک کیا ہے ہماری طرف سے مکمل تحفظ تھا، نیوزی لینڈ والے بھی ڈر گئے اور ملک چھوڑ گئے، میں سمجھتا ہوں کہ ٹیموں نے مایوس کیا ہے، نیوزی لینڈ نے مایوس کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک بھارتی کی جانب سے شروع کی گئی بات سے وہ پریشان ہوئے اور چلے گئے، بعد میں انگلینڈ نے کسی سے مشاورت کے بغیر دورہ منسوخ کردیا۔

عمران خان نے کہا کہ میرے خیال میں ان کےاپنے لئے یہ مایوس کن ہے،پاکستان کو بھی مایوس کیا، یہ مایوس کن تھا انگلینڈ کو سوچنا چاہیے کہ انہوں نے کیا کیا، انہوں نے ایک ایسے ملک کے ساتھ جس نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا، جس نے اس وقت وہاں کا دورہ کیا جب کوئی دوسری ٹیم وہاں جانے کیلئےتیار نہیں تھی۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایسے وقت انگلینڈ گیا جب وہاں کورونا پابندیاں تھیں، اگر ایسا ان کےساتھ ہوتا تو ان کے کیا احساسات ہوتے۔

تازہ ترین