• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20 ورلڈ کپ کا میلہ سجنے میں 5 دن باقی


ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میلہ سجنے میں پانچ دن باقی رہ گئے ہیں،17 اکتوبر سے ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ شروع ہوگا۔

پہلے مرحلے میں 8 ٹیمیں گروپ میچز کھیلیں گی جس میں 4 ٹیمیں دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، 17 اکتوبر کو گروپ میچز کا پہلا میچ اومان اور پاپوا نیوگنی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی انعامی رقم کا اعلان کردیا ہے، فاتح ٹیم کو 16 لاکھ ڈالرز ملیں گے، رنرز اپ 8 لاکھ جبکہ سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ٹیمیں چار چار لاکھ ڈالرز کی حقدار ٹھہریں گی۔

ٹیموں کے گروپ میچز جیتنے کی رقم علیحدہ ہوگی، اگر پاکستانی ٹیم گروپ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ورلڈکپ جیتتی ہے تو وہ بتیس کروڑ روپے کمالے گی۔

ادھر پاکستان کرکٹ ٹیم کی تیاریاں جاری ہیں،پاکستانی اسکواڈ آج لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں سیناریو میچ کھیلے گا۔

قومی کرکٹرز کل آرام کریں گے جبکہ دوسرا سیناریو میچ جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا، پاکستان اسکواڈ 15اکتوبر کو متحدہ عرب امارات روانہ ہو گا۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات اور عمان میں شروع ہو گا، پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان اپنا دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا، قومی کھلاڑی اپنے تیسرے میچ میں 29 اکتوبر کو افغانستان کے مدِمقابل ہوں گے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل 10 اور 11 نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 نومبر کو ہو گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید