• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ایران میں سرحد پر باڑ، دفاعی تعاون، علاقائی سیکورٹی پر بات چیت

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ )وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمدباقری نے الگ الگ ملاقاتیں کی جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان سرحد پر باڑ ، دفاعی تعاون ، علاقائی سیکورٹی پر بات چیت کی گئی جبکہ امن کے فروغ اور انسداد دہشت گردی کی مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ۔ 

تفصیلات کے مطابق بدھ کوپاکستان کے دورے پر آئے ایران کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد بگھیری نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں سرحد پر باڑ، دفاعی تعاون، علاقائی سکیورٹی پر بات چیت کی گئی ،وزیراعظم عمران خان نے میجر جنرل محمد بگھیری کا استقبال کیا اور پاک ایران تعلقات کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ 

وزیراعظم نے دوطرفہ تجارتی تعلقات میں اضافہ کے لئے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے معاشی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کا فروغ بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاک ایران سرحد پر دو مزید سرحدی کراسنگ پوائنٹس کھولے گئے ہیں جس سے سرحد کے دونوں جانب آمدورفت کی سہولت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر پر ایران کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہاکہ ایران کے سپریم لیڈر کے موقف کو کشمیری اپنی حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد کے لئے ایک مضبوط سپورٹ سمجھتے ہیں۔ 

وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان سے مثبت توقعات رکھتے ہوئے انسانی بنیادوں پر فوری امداد فراہم کرے اور افغانستان کو معاشی دیوالیہ پن سے محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

تازہ ترین