• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی معیار کے ڈینز کی تقرری سے نئے دور کا آغاز ہوگا، اکبر زیدی

کراچی (سید محمد عسکری) انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن ( آئی بی اے) کراچی نے آئی بی اے کو عالمی معیار کا ادارہ بنانے کیلئے پہلی مرتبہ اشتہار کے ذریعے تین مستقل ڈین تقرر کرنے کا فیصلہ کیا اور اس مقصد کے لیے باقاعدہ اشتہار جاری کردیا ہے۔ یہ بات آئی بی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اکبر زیدی نے اپنے دفتر میں جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تین قائم مقام ڈینز ڈاکٹر عصمہ حیدر اسکول آف معاشیات و سماجی علوم، ڈاکٹر شکیل خواجہ اسکول آف ریاضیات و کمپیوٹر سائنس اور واجد حسین رضوی اسکول آف بزنس اسٹیڈیز شامل ہیں تاہم ہم چاہتے ہیں کہ ڈین کے عہدے کیلئے مسابقت ہو اور عالمی سطح کے ماہرین ہمیں مل سکیں جس سی آئی بی اے کے ایک نئے دور کا آغاز ہوسکے گا۔ ڈاکٹر اکبر زیدی نے کہا کہ ہم بہترین اساتذہ کی خدمات حاصل کر کے انہیں رہائش فراہم کرنے کیلئے آئی بی اے میں 24نئے رہائشی فلیٹس تعمیر کررہے ہیں جو دو اور تین کمروں پر مشتمل ہوں گے جن کی تعمیر کیلئے 25؍ کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ 15؍ کروڑ روپے سے گرلز ہاسٹل کی تعمیر بھی شروع کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی بی اے میں طالبات کا تناسب بڑھ رہا ہے اس وقت 45؍ فیصد طالبات ہوگئی ہیں۔ ڈاکٹر اکبر زیدی نے کہا کہ ہم اس وقت ایک معیاری لاء اسکول بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں کے لیے جس کے لیے بھرپور تیاری کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر اکبر زیدی نے آئی بی اے کی جامعات کی عالمی درجہ بندی میں عدم شمولیت کے سوال میں کہا کہ ہم درجہ بندی میں شمولیت کے بجائے آئی بی اے کو عالمی معیار کا ادارہ بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں ہمیں درجہ بندی سے کوئ دلچسپی نہیں نہ ہی ہم درجہ بندی کے پیچھے بھاگتے ہیں ہماری پوری توجہ آئی بی اے کو بہتر سے بہتر ادارہ بنانے پر مرکوز ہے۔

تازہ ترین