بھارتی اداکارہ اور ماڈل شہناز گل نے مشہور پاکستانی ڈرامہ سیریل ’میری زندگی ہے تو‘ کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کی اسٹوری سے حال ہی میں شہناز گل کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ ڈرامہ دیکھتے ہوئے جذباتی نظر آ رہی تھیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہناز گل، بلال عباس کے کردار ’کامیار‘ کی مشکلات اور غلط فہمیوں پر خاصی دکھی ہیں۔
شہناز کا انسٹا اسٹوری میں کامیار کو روتے ہوئے دیکھ کر کہنا ہے کہ میں اِسے روتا نہیں دیکھ سکتی، خاص طور پر اس لیے کہ اس نے آئرا (ہانیہ عامر) کی محبت حاصل کرنے کے لیے بہت محنت کی تھی۔
شہناز گل کا کہنا تھا کہ میں اس ڈرامے سے اتنی زیادہ جُڑ گئی ہوں کہ بیان نہیں کر سکتی، اس لڑکے کے ساتھ سب سے برا ہو رہا ہے، وہ ایک لڑکی سے بے حد محبت کرتا ہے اور اتنی رکاوٹیں برداشت کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل شہناز گل نے اِس ڈرامے کے مقبول او ایس ٹی کے لیے بھی اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔
یاد رہے کہ ڈرامہ سیریل ’میری زندگی ہے تو‘ کا او ایس ٹی عاصم اظہر اور صابری برادران نے گایا ہے۔ ڈرامے کی کاسٹ میں بلال عباس، ہانیہ عامر، مہر جعفری، علی رحمان، جویریہ عباسی، علی خان اور وردہ عزیز شامل ہیں۔