• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

مہنگائی کنٹرول اور عوامی ریلیف: حکومت سنجیدہ منصوبہ بندی میں مصروف

رواں سال اور آئندہ سال 2022 ملک میں اہم تبدیلیوں کا سال ہے عمران حکومت کو اس عرصے میں اہم فیصلے کرنے ہیں وزیر اعظم عمران خان کو رواں سال میں چیئرمین نیب کی تقرری نیب قوانین میں ترامیم ووٹنگ مشین کے ذریعے پولنگ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے علاوہ آئندہ سال نومبر میں نئے آرمی چیف کی تقرری جیسے اہم فیصلے کرنے ہیں چند روز قبل چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے متعدد اعلیٰ افسروں کے تبادلے عمل میں لائیں ہیں سب سے اہم تبادلہ آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل فیض حمید کا ہے انہیں کور کمانڈ پشاور کی ذمہ داریاں سونپی جارہی ہیں۔ 

جبکہ ان کی جگہ لیفٹننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو آئی ایس آئی کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ لیفٹننٹ جنرل فیض حمید کور کمانڈر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد آرمی چیف بننے کی صف میں شامل ہو جائیں گے آرمی چیف بننے کیلئے کور کی کمان ضروری ہے ،دوسری طرف امریکہ بھی افغانستان کے حوالے سے ڈو مور سے انکار پر پاکستان سے ناراض ہے جس کی وجہ سے بھارتی من گھرت پروپیگنڈے کو بھی کافی حد تک قبول کیا جاتا ہے۔ 

جبکہ بھارت میں ہم سے زیادہ کرپشن ،منی لانڈرنگ ، لوٹ کھسوٹ حتٰی کہ یورینیم کی کھولے عام فروخت مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ زیادتی اور ظلم انسانی حقوق کی کھلے عام خلاف ورزیاں عورتوں کے ساتھ تشدد اور ریپ کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے علاوہ مقبوضہ کشمیر میں کئی سالوں سے نو لاکھ فوجی نہتے کشمیریوں کا قتل عام کر رہے ہیں نوجوانوں کو نابینا کر رہے ہیں مگر امریکہ ، برطانیہ اور دیگر یورپین ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ٹس سے مس نہیں ہوتیں اور نہ ہی بھارت کے خلاف کوئی کارروائی کی جاتی ہے جبکہ پاکستان نے فیٹف انتظامیہ کے تمام مطالبات پورے کر دیئے ہیں اس کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھا گیا ہے۔ 

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی بھارت میں انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم کو گاندھی کے فرمو دات یاد دلائے امریکہ میں نریندر مودی کا کوئی خاص استقبال بھی نہیں ہوا جس پر بھارتی میڈیا میں اپوزشن لیڈروں اور بعض بھارتی صحافیوں نے مودی کی خوب درگت بنائی ، ادھر چین نے جنگ کئے بغیر بھارت کے زیر قبضہ 20 ہزار کلو میٹر کا علاقہ واپس لے لیا ہے اور وہاں فوج اور جدید اسلحہ بھیج کر پوزیشن مستحکم کر لی ہے چین نے 20 سے زائد بھارتی فوجی صر ف ڈنڈوں ،مکوں اور گھونسوں سے مار دیئے ،بھارت نے اس کے باوجود چو ں بھی نہ کی چین مزید علاقوں میں بڑھتا چلا جارہا ہے۔ 

مگر بھارتی حکومت اور فوج کی ہمت نہیں کہ اسے روکے بھارتی میڈیا نے بھی اس حوالے سے چپ ساد ھ لی ہے اور عوام کو بے خبر رکھے ہوئے ہیں ،بھارت افغانستان میں منہ کی کھانے کے بعد اب من گھرت پراپیگنڈے سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کر رہا ہے امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الگ الگ ملاقاتیں کی اور پاک امریکہ تعلقات استوار کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ 

یقیناً پاکستان کی سول اور فوجی قیادت نے امریکی نائب وزیر خارجہ کو فیٹف ،مقبوضہ کشمیر میں ظلم تشدد ،پاکستان میں (را ) کی کاروائیوں کے حوالے سے اپنے تحفظات اور افغانستان کی صورتحال پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا امریکی وزیر خارجہ نے افغانستان کے حوالے سے پاکستان کے موقف سے آگاہی حاصل کی اور پاکستانی قیادت کو اس بات سے بھی آگاہ کیا کہ امریکی صدر جوبائیڈن اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان جلد بات چیت ہو گی۔ 

امریکہ اچھی طرح جانتا ہے کہ پاکستان کے تعاون اور مددکے بغیر خطے میں امن قائم نہیں رہ سکتا حکومت آرمی چیف وزیر اعظم عمران خان اور فوج اس وقت عالمی صورتحال کی وجہ سے ایک پیج پر ہیں اور باہمی مشورے سے چل رہے ہیں تاہم آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ یہ چاہتے ہیں کہ آئندہ ڈیڑھ سال میں موجودہ حکومت عوامی فلاح بہود کے ٹھوس کام کرے اور مہنگائی پر کنٹرول کرے اور عوام کو ریلیف دیا جائے حکومت عوامی ریلیف مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے سنجیدہ منصوبہ بندی کررہی ہے امید ہے عوام کو جلد ریلیف ملے گا۔ 

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پنجاب میں پیپلز پارٹی کو مضبوط بنانے کی سر توڑ کوشش کر رہے ہیں مگر ابھی انہیں سینٹرل پنجاب میں وہ کامیابی نہیں ملی کہ وہ تنہا حکومت بنا سکیں مسلم لیگ (ن) کی قیادت شدید باہمی اختلافات کا شکار ہے میاں شہباز شریف گروپ اور مریم نواز گروپ میں دوریاں بہت بڑھ گئی ہیں ادھر میاں جاوید لطیف کو بھی ،میاں شہباز شریف کے خلاف بیان بازی کے خلاف اکسایا گیا ، میاں شہباز شریف نے انہیں شوکاز نوٹس بھی دیا مگر کسی کی پشت پنائی کی وجہ سے وقت گزرنے کے باوجود میاں جاوید لطیف نے اس نوٹس کا جواب نہ دیا اور دھمکی دی کہ میرے خلاف کارروائی ہوئی تو میں سارے راز فاش کر دوں گا۔

باخبر ذرائع کے مطابق مریم نواز صاحبہ کے ترجمان محمد زبیر عمر کے خلاف جو سکینڈل منظر عام پر آیا اسے بھی مسلم لیگ (ن) کے دھڑوں میں سے ہی منظر عام پر لایا گیا ،مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی بھی پریشان ہیں اور حالات کے انتظار کر رہے ہیں کہ اونٹ کسی کروٹ بیٹھے تووہ کوئی فیصلہ کریں آئندہ مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان اسمبلی نے آئندہ اپنے لائحہ عمل کی تیاریاں اور صلاح مشورے شروع کر دیئے ہیں پارٹیاں تبدیل کرنے کی تیاریاں جاری ہیں کچھ پی ٹی آئی کے ارکان پیپلزپارٹی ،مسلم لیگ (ق) اور مسلم لیگ (ن) میں جانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ 

جبکہ کچھ مسلم لیگ (ن) کے ارکان پی ٹی آئی میں جانے کیلئے صلاح مشورے کر رہے ہیں مسلم لیگ (ن) کا ایک بڑا گروپ چوہدری نثار کی قیادت میں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے کا جائزہ لے رہا ہے اگر چوہدری نثار پی ٹی آئی میں آئے تو وفاقی وزیر غلام سرور خان پارٹی چھوڑ جائیں گے اور ممکن ہے وہ مسلم لیگ (ن) یا پیپلزپارٹی میں چلے جائیں قومی اورصوبائی اسمبلیوں میں اراکین اسمبلی کے ادھر ادھر وفاداریہ تبدیل کرنے سے آئندہ انتخابات میں سیاسی جماعتوں کو ٹکٹوں کی تقسیم میں شدت مشکلات کا سامنا کرناپڑے گا ۔ 

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان منسوخ ہونے کی وجہ سے جو عالمی سطح پر پاکستان کو جس ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا برطانوی کرکٹ بورڈ کے سربراہ واٹ مور نے شدید دبائو میں آکر اپنے عہدے سے 13 ماہ بعد ہی استعفیٰ دے دیا جبکہ ان کا عہدہ پانچ سال کیلئے تھا ا ن کے مستعفی ہونے سے پاکستان کا وقار بحال ہو ا ہے اور جلد ہی نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں پاکستان آنے کا فیصلہ کریں گی ۔

تازہ ترین
تازہ ترین