پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سفید چھڑی کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام جاری کیا ہے۔
اسلام آباد سے جاری کیئے گئے بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آج کا دن منا کر پاکستانی قوم نے ثابت کیا کہ وہ ذمے دار اور انسانیت دوست قوم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سفید چھڑی کے تحفظ کے عالمی دن پر نوجوانوں کا جذبہ قابلِ تحسین ہے، پاکستان میں 20 لاکھ سے زائد افراد بینائی سے محروم ہیں۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پاکستان میں جزوی طور نابینا افراد کی تعداد 60 لاکھ کے قریب ہے، پاکستان میں بینائی سے محروم افراد کو ہر سطح پر مشکلات کا سامنا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے خصوصی افراد کی بحالی، بہبود اور روزگار سے متعلق قانون سازی قابلِ تحسین ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی بینائی سے محروم افراد کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔