• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکورٹی اداروں کو دھمکیاں دینے کا الزام، الطاف حسین، فاروق ستار و دیگر کیخلاف مقدمہ درج

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سمیت ایم کیو ایم رہنماؤں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت بریگیڈ تھانے میںمقدمہ درج کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق مزار قائد کے گیٹ کے سامنے12 مئی کو ایم کیو ایم کے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے رہنماؤں اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس آئی، ایم آئی و دیگرقانون نافذ کرنے والے ادراوں کے سربراہان و افسران کے نام لیکر دھمکیاں دینے اور بے بنیاد الزامات عائد کرکے تنظیم کے کارکنان کوریاست کیخلاف اکسانے پر ایس ایچ او بریگیڈ کی مدعیت میںایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ولد نذیر حسین، فاروق ستار، نامزد سٹی ناظم وسیم اختر سمیت دیگر رہنماؤں کیخلاف مقدمہ نمبر 96/16 زیر دفعہ 120A,120B,121,123,123A,109PPC,7ATA,25/D,6/7درج کر لیا ہے ۔ایف آئی آر کے مطابق ایم کیو ایم کےرہنماؤں نے متحدہ کے خود ساختہ لاپتہ کارکنان اور شہداکے فاتحہ خوانی کے سلسلہ میں جمع ہوئے اور صوبائی حکومت کی اجازت کے بغیر ہی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں لاؤڈ اسپیکر کا بھی استعمال کیا گیا جس میں الطاف حسین نے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس آئی اور ایم آئی سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان اور افسران کا نام لیکر دھمکیاں دیں اور تنظیم کے کارکنان کو ریاست کے خلاف اکسانے کی کوشش کی گئی اور ملک میں جاری آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر کے پاکستان دشمنوں کو خوش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
تازہ ترین