• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غریب کیسے زندہ رہے گا، حکمراں عوام کی جان چھوڑ دیں، اپوزیشن


لاہور، کراچی(نمائندہ جنگ، اسٹاف رپورٹر) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ریکارڈ اضافے پراپوزیشن نے کہا ہے کہ غریب کیسے زندہ رہیگا، حکمران عوام کی جان چھوڑ دیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلسل منی بجٹ معاشی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، بلاول بھٹو نے کہا کہ پیٹرول اورڈیزل مہنگاکرناثابت کرتاہےعمران خان عوام دشمن وزیراعظم ہیں، مریم نواز نے کہا عمران خان کے گرد پٹرول مافیا نے گھیرا ڈالا ہوا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کا خون نچوڑنے سے بہتر ہے عمران نیازی ملک اور قوم کی جان چھوڑ دیں۔

شہبازشریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو منی بجٹ کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں 14 فیصد حالیہ اضافے کے بعد پیٹرول کی مہنگائی کا بم منی بجٹ کا تسلسل ہے، منی بجٹ پر منی بجٹ موجودہ حکومت کی معاشی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ 

20 ہزار تنخواہ والے کا 10 ہزار بجلی کا بل آرہا ہے، 10 ہزار تنخواہ پانے والا کیا کھائے گا ؟ کرایہ کیسے دے گا؟ زندہ کیسے رہے گا؟۔ شہباز شریف نے کہا کہ رعایتی نمبر ملنے کے باوجود عمران نیازی ملک اور عوام کی خدمت میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں، ایسے شخص کو وزارت عظمی سے چمٹے رہنے کا کوئی حق نہیں۔

علاوہ ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت عوام سے اپنی نااہلی کی قیمت وصول کررہی ہے، پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنا ثابت کرتا ہے کہ عمران خان عوام دشمن وزیراعظم ہیں۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے ردعمل میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے اگلے روز پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنا ثابت کرتا ہے کہ عمران خان ایک عوام دشمن وزیراعظم ہے، پیٹرولیم مصنوعات کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا کر پی ٹی آئی ملک میں مہنگائی کا سونامی لے آئی، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے سے زائد کا اضافہ کرکے حکومت دراصل عوام سے اپنی نااہلی کی قیمت وصول کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی عوام دوست حکومت ہی ملک کو مہنگائی کے سونامی سے بچاسکتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا تھا تو ہم نے اس کا بقدر بوجھ عوام پر نہیں ڈالا تھا، پاکستان کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے والی ظالم حکومت سے نجات کے لئے عوام میرا ساتھ دیں۔ 

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدرمریم نواز نے کہا امریکی وفد سے بہت سے معاملات پر بات چیت ہوئی ہے،ہر پارٹی میں ہرطرح کے لوگ ہوتے ہیں،جو لوگ ڈرتے تھے ان کا ڈر اتر گیا ہے،یہ نوشتہ دیوار ہے کہ 2023ء تو دور کی بات ان کا 2021مکمل ہوتا نظر نہیں آرہا۔

پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام پر بجلی بن کر گرا، ہر کسی کے پاس اے ٹی ایم اور کچن چلانے والے دوست نہیں ہوتے، حکومت اپنے خلاف خود لانگ مارچ کر رہی ہے،پیٹرول مہنگا ہونے سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے ۔ مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے گرد پٹرول مافیا نے گھیرا ڈالا ہوا ہے۔

مریم نواز نے جاتی امراء رائیونڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل مافیا نے عمران خان کے اردگرد گھیرا ڈالا ہوا ہے، عوام کے پیسے سے ان سب کی جیبیں بھری گئی ہیں، موجودہ حکومت میں ہر چیز مہنگی ہوگئی ، ہر ایک کےپاس ایسی اے ٹی ایمز نہیں ہوتیں جو عمران خان کا کچن چلاتی ہیں۔

پینڈورا پیپرز سے عمران خان کی اے ٹی ایم کے نام سامنے آئے ، ملک میں بہت سے لوگوں کی آمدن بیس ہزار سے کم ہے، سب بنی گالا میں نہیں رہتے ، حکومت نے عوام کو جتنا درد اور تکلیف دی اس کا ازالہ نہیں ہوسکتا ، حکومت کو یہ پتہ نہیں آج گئی یا کل گئی ، لوگ بجلی،گیس کے بل کہاں سے بھریں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈینگی سے نہیں بلکہ حکومتی نالائقی سے اموات ہورہی ہیں، حکمرانوں کی پہلے اپوزیشن سے انتقام پر توجہ تھی اور اب حکومت بچانے پر ہے، عوام جانتے ہیں ملک سے کیا کھیل کھیلا جارہاہے۔

شہباز شریف اقتدار میں ہوتے تو ادویات گھروں میں پہنچتی تھیں، عمران خان ان پر ڈرامہ کرنے کا الزام لگاتے تھے، یہ اتنی بے حس حکومت ہے جس سے ڈرامہ بھی نہیں ہورہا، عوام جھولی اٹھاکر حکومت کو بددعا دے رہے ہیں۔

تازہ ترین