• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ 18 اکتوبر، جوڈیشل کمیشن کیلئے ضروری شواہد مٹادیئے گئے، وزیراعلیٰ سندھ

سانحہ 18 اکتوبر، جوڈیشل کمیشن کیلئے ضروری شواہد مٹادیئے گئے، وزیراعلیٰ سندھ


کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے ۔ مہنگائی سے عوام تنگ آ گئے ہیں، عمران خان اور پی ٹی آئی نے عوام کو مہنگائی میں روند دیا ہے ، ڈی جی آئی ایس آئی کا معاملہ وزیر اعظم اور فوج کا ہے۔

اس میں ہمارا کوئی کردار نہیں ہے ،سانحہ 18 اکتوبر کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کیلئے جو شواہد درکار تھے ، وہ سانحہ کے فوری بعد مٹا دیئے گئے ، جس کی وجہ سے تحقیقات مکمل نہیں ہو سکیں، سانحہ 18اکتوبر کے شہیدوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

شہداء جمہوریت کا قافلہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت میں اپنی منزل تک پہنچے گا، صوبے میں گندم کی قلت نہیں، عمران خان کے آنے سے آٹا مہنگا ہو گیا ہے،ہم قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو باغ جناح میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ 

اس موقع پر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ،پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات عاجز دھامرا و دیگر موجود تھے ۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ آج 17 اکتوبر کو تبدیلی کا سفر شروع ہو رہا ہے ۔ 

اب عوام کی حکمرانی اور جمہوریت کی بالادستی ہو گی، غریبوں کو جینے کا حق ملے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت کی حکومت نے سانحہ کارساز کے شواہد مٹا دیئے ، جسکی وجہ سے تحقیقات متاثر ہوئیں ۔

تازہ ترین