• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2030تک قابل تدارک بیماریوں سے 69ملین بچوں کی ہلاکت کاخدشہ

لندن( جنگ نیوز) بچوں سے متعلق معاملات کے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے متنبہ کیا ہے کہ 2030تک دنیا بھر میں قابل تدارک بیماریوں سے 69ملین بچوں کے ہلاک ہوجانے کاخدشہ ہے۔دنیا بھر کے بچوں سے متعلق یونیسیف کی رپورٹ میں کہاگیاہے کہ بچوں کو ہلاکت سے بچانے کیلئے انتہائی کم وسیلہ لوگوں کیلئے صحت وار تعلیم کی سہولتوں میں تیزی سے اضافہ کیاجانا ضروری ہے، حالیہ صورتحال اور آبادی میں ممکنہ اضافے کی بنیاد پر تیار کی گئی رپورٹ میں کہاگیاہے کہ فی الوقت پوری دنیا میں کم وبیش 167 ملین بچے انتہائی شدید غربت کی زندگی گزاررہے ہیں۔60ملین بچوں کوپرائمری سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کی سہولت بھی میسر نہیں ہے ،رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ موجودہ صورت حال برقرار رہی تو 2030تک 750 بچیوں کی سن طفولیت کےدوران ہی شادی کردی جائے گی۔ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جسٹن فورستھ نے کہا کہ یونیسیف ہمارا پیغام دنیا بھر میںخاص طورپر ریفیوجیز تک پہنچارہی ہے جس میں بچے بھی شامل ہیں اور جو پہلے سے زیادہ نازک صورتحال سے دوچار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بہت سے لوگ غربت اورعدم مساوات کی وجہ سے گھر بار چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں ۔انھوںنے کہا کہ اگر آپ مخصوص ممالک کو ان اسباب اور سیاسی مباحثوںکی آلودگی سے بچانا چاہتے ہیں تو آپ کو ان تمام اسباب کا تدارک کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا کام تو صرف یہ ہے کہ ہم موقع پر پہنچ کر بچوں کو موت کے منہ میں جانے سے بچانے کی کوشش کریں۔ یونیسیف کے پروگرام ڈائریکٹر ٹیڈ چائیبان نے کہا کہ نہ صرف یہ کہ غربت اور عدم مساوات کی وجہ سے نوجوان گھر بار چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں بلکہ جنگ زدہ علاقوں میں کم وبیش 250 ملین بچے بھی موجود ہیں جبکہ 30 ملین بچے دربدر ہوچکے ہیں۔
تازہ ترین