• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم پر پابندی یا ریفرنس دائرکرنا وفاق کا معاملہ ہے،مولا بخش چانڈیو

جوہی(نامہ نگار) صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی یا ریفرنس دائرکرنے کا معاملہ وفاق کا ہے اور اختیار بھی وفاق کے پاس ہے، چوہدری نثار جو کام خود نہیں کرسکتے وہ سندھ حکومت پر تھوپ دیتے ہیں اور درویشوں والی باتیں کرتے رہتے ہیں جس سے ہم سمجھ تے ہیں کہ وفاق اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے قاصر ہے۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے پریس کلب کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری متحدہ سے کوئی دشمنی نہیں وہ خود ہی صبح کو ایک بیان اور شام کو دوسرا بیان دیتے ہیں اور اپنے قائد سے روٹھتے اور مناتے ہیں مگر پاکستان کیخلاف بات کرنا سنگین معاملہ یہ کوئی بچوں کا مذاق نہیں جسے نظرانداز کیا جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے دفاتر مسمار کرنے کے معاملے میں ایم کیو ایم ٹارگٹ نہیں بلکہ وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات پر تجاوزات کیخلاف کارروائی کے تحت ہٹائے جارہے ہیں جس میں یہ نہیں دیکھا جائے گا کے قبضہ کس نے کر رکھا تھا اور کسی کو بھی معاف نہیں کیا جائے خواہ وہ کتنا بھی بااثر کیون نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر عامر لیاقت کو ملنے والی دھمکیوں کا ہمیں علم اخبارات اور ان کے بیان سے ہوا ہے تاہم حکومت کے ناتے ہمارا فرض ہے کہ ہم ہر شہری کی جان و مال کا تحفظ کریں۔ مولا بخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ اب ہماری گورننس صوبہ بھر میں نظر آرہی ہے پھر بھی اگر بہتری کی کہیں گنجائش ہے تو اس کو بہتر کیا جائے۔ اس موقع پر دادو کے صحافیوں نے احتجاج کرتے ہوئے صوبائی مشیر کو بتایا کہ دادو پریس کلب پر سرکاری ملازمین نے قبضہ جما رکھا ہے۔جس پر صوبائی مشیر نے صحافیوں کو یقین دہانی کرائی کے اس معاملے پر اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دےکر کارروائی کی جائے گی حکومت حقیقی صحافیوں کے ساتھ ہے۔
تازہ ترین