• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشکل کی گھڑی میں پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ہوگا، وزیراعظم نواز شریف کی سعودی وزیر دفاع کو یقین دہانی

اسلام آباد (صالح ظافر) وزیراعظم نوازشریف نے سعودی نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا اور سعودی عرب کی سالمیت پاکستانی کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے۔ اتوار کو سعودی وزیر دفاع محمدشہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزآل سعود پاکستان کے ایک روزہ دورے پر رات دیر سے اسلام آباد پہنچے تو نور خان ایئر بیس پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اپنے سعودی ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا اس موقع پر سعودی سفیر اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے ۔ائیرپورٹ پر بچوں نے سعودی وزیر دفاع کو گلدستہ بھی پیش کیا۔ وزیراعظم ہائوس آمد کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے مہمان شہزادہ کا گلے مل کر استقبال کیا جس کے بعد دونوں شخصیات نے بالمشافہ ملاقات کی جس کے بعد وہ رات کے کھانے کیلئے بینکوئٹ ہال پہنچے۔ اس موقع پر آرمی چیف، سروسز چیفس، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، کچھ وفاقی وزیر اور وزیر اعظم کے مشیر بھی موجود تھے۔ مذاکرات کا سلسلہ کھانے کی میز پر بھی جاری رہا۔ شہزادہ محمد بن سلمان چار گھنٹے تاخیر سے پہنچے اسلئے رات کا کھانا دیر سے پیش کیا گیا۔ ایئربیس روانگی سے قبل انہوں نے ایک مرتبہ پھر وزیراعظم نواز شریف سے مختصر ملاقات کی جس کے بعد وہ آرمی چیف کے ہمراہ ایئر بیس روانہ ہوگئے۔ زرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے تعلقات کے حوالے سے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس دورے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی نہ ہونے کا تاثر دم توڑ گیا۔ بات چیت میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کی دفاعی پیداوار میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
تازہ ترین