• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ایس ایس امتحانات،10ہزار میں سے 200کامیاب، یونیورسٹیوں کی زبوں حالی

اسلام آباد(پرویز شوکت، وقائع نگار) ذمہ دار ذرائع سے معلوم ہوا ہےکہ پی ایس سی کے تحت سی ایس ایس کےلئے دس ہزار طلبہ و طالبات نے امتحانات دئیے جن میں سے دوسو کامیاب ہوئے ۔امیدواروں کی اتنی قلیل تعداد میں کامیابی سے یونیورسٹیوں کی زبوں حالی اور انتہائی کم معیار ظاہر ہوتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بڑی تعداد میں یونیورسٹیاں تو قائم کردی گئیں لیکن ان کے پاس  فیکلٹی  ممبرز یعنی اعلیٰ معیار کے اساتذہ کی شدید کمی ہے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے جوسٹوڈنٹس سرکاری خرچ پر مختلف ممالک میں پی ایچ ڈی کرنے گئے ہیں وہ وطن واپس آنے سے گریزاں ہیں اور انہیں انہی ممالک میں ملازمتیں دی جارہی ہیں جبکہ پاکستان میں پی ایچ ڈی کرکے واپس آنے والوں کو اسّی ہزار روپے ماہانہ تنخواہ پر کھا جاتا ہے جو پی ایچ ڈی بالخصوص سائنس مضامین میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنےوالوں کیلئے بہت قلیل ہے اورانہیں بیرون ملک میں ہی لاکھوں روپے ماہانہ پر ملازم رکھا جارہاہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن تقریباً پچاسی ارب روپے سے زائد ان سٹوڈنٹس کی تعلیم پرخرچ کررہاہے مگر ان پی ایچ ڈی ہولڈر ز کو واپس لانے سے معذور ہے۔اس طرح غریب ملک کا کثیر زرمبادلہ خرچ ہونے کے باوجود ملک کو کوئی فائدہ نہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار چوہدری کے دور میں اس حوالے سے ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کارروائی کی تھی اور پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈر ز کوایگریمنٹ پرعملدرآمد  کیلئے پابند کیا گیا تھا مگر بعض بااثر امیدواروں نے سپریم کورٹ سے رجوع کرکے یہ پابندی کروا دی جس سے ملک کا تعلیم کے شعبے میں زبردست نقصان ہورہاہے۔ 
تازہ ترین