• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پابندی صرف فنکاروں کیلئے ہی کیوں؟ابھے دیول کا سوال

ممبئی(ایجنسیاں) بھارتی اداکار ابھے دیول نے بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے فیصلے کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر میں حکومت کو سنجیدگی سے لے ہی نہیں رہا۔ اگر پابندی ہی عائد کرنی ہے تو ہر شعبہ پر عائد کی جائے صرف فنکاروں پر نہیں۔فلم کی پروموشن کے حوالے سے ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کرتے ہوئے ابھے دیول کا کہنا تھا کہ پابندی صرف فنکاروں کے لیے ہی کیوں ہے؟انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان پر پابندی لگانی ہی ہے تو ہر شعبہ پر لگائی جائے، چاہے وہ کاروبار ہو، چاہے برآمدات ہوں یا درآمدات ہوں۔ پابندی سب پر ہونی چاہیئے۔ صرف فنکاروں پر ہی پابندی کیوں ہے۔ابھے کا کہنا تھا کہ صرف فنکاروں پر پابندی لگائی گئی جبکہ باقی تمام شعبے اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں، ایسا لگ رہا ہے کہ حکومت اس اقدام سے صرف شور مچانا چاہتی ہے۔ابھے نے اس فیصلے کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ میں اس فیصلے کو سنجیدگی سے نہیں لیتا۔ ہاں اگر حکومت تمام شعبوں میں پاکستان سے ہر قسم کے تعلقات منقطع کر دے تو میں اس فیصلے کا احترام کروں گا۔اس موقع پر وہاں موجود فلم ساز زویا اختر نے بھی کچھ اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے صرف فلم اور اداکاروں کو ہدف بنانے کو بدقسمتی قرار دیا۔کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کی ریلیز کو روکنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ کرن جوہر نے کچھ غلط نہیں کیا۔ انہوں نے کوئی قانون نہیں توڑا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اداکاروں کو بھارت آنے کے لیے ویزا خود حکومت نے دیا ہے۔ اگر وہ یہاں کام کر رہے ہیں تو یہ بالکل قانونی ہے۔
تازہ ترین