• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران منی لانڈرنگ اور اسپتال میں کرپشن کا حساب دیں، ن لیگ

 اسلام آباد، فیصل آباد، لاہور(نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) رہنمائوں کا کہنا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے کو لاک ڈائون ریاست کے خلاف بغاوت ہے، عمران خان منی لانڈرنگ اور اسپتال میں کرپشن کا حساب دیں، عمران لاشیں گرا کرحکومت کا تختہ الٹنا چاہتے ہیں، کپتان خیراتی فنڈز کا حساب دیں، نوازشریف منتخب وزیراعظم ہیں استعفیٰ کیوں دیں،چور دروازوں سے وزارت عظمی نہیں ملتی۔ عمران اسلام آباد میں اپنا آخری شو ق پورا کرلیں، نظام مفلوج کے اقتدار حاصل کرنا خام خیالی ہے،عمران خان ہٹلر طرز کی سیاست کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار محمد زبیر عمر، اسحق ڈار،خواجہ آصف، طلال چوہدری، سعد رفیق، رانا ثناء، حمزہ شہباز، احسن اقبال نے الگ الگ پریس کانفرنس اور بیانات میں کیا۔ وزیر مملکت برائے نجکاری ڈویژن محمد زبیر عمرنے کہا کہ اسلام آباد بند کرنے سے پنڈی کے شہری بھی متاثر ہوں گے ، عمران خان جانتے ہیں کہ 2018تک حکومت چلنے دیا تو انتخابات میں ان کی چھٹی ہو جائے گی ، عمران خان نے کالا دھن سفید کرنے کرنے کے لئے کئی بے ایمانیاں کیں، عمران خان کی کرپشن ، منی لانڈرنگ اور آف شور کمپنیوں کے ثبوت موجود ہیں ، عمران خان کے خلاف کیس الیکشن کمیشن میں ہے ، سپریم کورٹ بھی جائیں گے ، خان صاحب کی طرح ہوا میں تیر نہیں چلائے ، ثابت کریں گے کہ منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کی ، عمران خان دوسروں پر انگلیاں اٹھانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں ، عمران خان الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں جوابات دینے سے بچنے کے لئے احتجاج کا راستہ اختیار کر رہے ہیں ، ریاستی اداروں کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھانا بھی بغاوت کے مترادف ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے، عمران خان 20کروڑ عوام کو اعلیٰ ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسا رہے ہیں، بلا جواز دھرنوں سے اقتصادی راہداری منصوبہ متاثر ہو گا، تحریک انصاف مریم نوازکے سیاسی مستقبل سے خوفزدہ ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان شوکت خانم کے ستر کروڑ روپے کے خیراتی فنڈز کا حساب دیں۔ عمران خان دوسروں کو ڈاکو اور چور بولتے ہیں عمران خان نے خود جیب کتروں کا کام کیا ہے انہوںنے کہاکہ عمران خان قطعی طورپر سیاستدان نہیں اسلام آباد اپنا آخری شوق بھی پورا کرلیں انہوںے کہاکہ عمران خان کی سیاست سے ملک کو نقصان پہنچا۔فیصل آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے  صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آف شور کمپنیاں بنانا جرم نہیں اور نہ ہی یہ غیر آئینی اقدام ہے، پی ٹی آئی کی قیادت عمران خان، جہانگیر ترین اور علیم خان نے بھی آف شور کمپنیاں بنا رکھی ہیں جبکہ ملک کے بعض اہم سیاستدانوں نے کروڑوںاربوں روپے کے قرضے حاصل کرکے معاف کرائے۔ احتساب سب کا ہونا چاہیے۔ احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے مگر کسی کو دارالخلافہ بند کرنے اور لوگوں کو گھروں میں قید رکھنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پامانا کامعاملہ سپریم کورٹ میں چلا گیا ہے،چنانچہ اب عمران خان کو اپنے احتجاج کی کال کو واپس لے لینا چاہیے اور سپریم کورٹ کے فیصلے انتظار کرنا چاہیے۔  ایک انٹرویو میںوفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک کے منتخب وزیر اعظم ہیں، آئین کے مطابق ذمہ داریاں نبھارہے ہیں، استعفیٰ کیوں دیں، وفاقی دفاتر، دارالحکومت کے راستوں اور سیکرٹریٹ کو بند کر نے کی کوئی آئین اجازت نہیںدیتا، آج کا کراچی 2013کے کراچی سے کافی بہتر اور پرامن ہے، مزید بہتری لائینگے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کو جان و مال کا تحفظ دینا ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے جسے پورا کیا جا رہا ہے۔ایک انٹرویومیں وفاقی وزیر برائے ترقی و بہبود آبادی احسن اقبال نے کہا ہے کہ دو نومبر کو اسلام آباد نہیں عمران کی سیاست بند ہوجائیگی، عمران خان کی موجودہ سیاست سے ن لیگ کو 2018 ء میں دو تہائی اکثریت ملے گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ پہلی چیز تو یہ دیکھنے والی ہے کہ کیا واقعی عمران خان کا ایشو کرپشن اور شفافیت ہے یا سیاست؟ اگر عمران خان واقعی کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں تو ان کا عمل اس کے مطابق ہوتا، کے پی کے میں ان کے وزیر اعلیٰ اور وزیروں کی بدترین کرپشن کے ثبوت پیش کئے،بجائے یہ کہ وہ اپنی حکومت کی انکوائری کراتے انہوں نے اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز کی سرزنش کر دی ،صوبائی احتساب کمیشن کی چھٹی کرا دی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جو طرز سیاست اپنا رکھا ہے وہ ہٹلر کی طرز کی سیاست کر رہے ہیں ،عمران خان کی سیاست سے ن لیگ کو فائدہ ہورہا ہے۔ ایک انٹرویو میں وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کو اگر وزیراعظم بننے کا اتنا ہی شوق ہے تو 2018ء کے انتخابات میں دو تہائی اکثریت لے کرمنصب سنبھال لیں،اگر عمران خان یہ سمجھتے ہیںکہ وہ دُھول اڑاکر اور وفاقی دارالحکومت میں نظام زندگی کو مفلوج کر کے اقتدارحاصل کر لیں گے تویہ ان کی خام خیالی ہے ،سرخ لکیر کھینچ کر سیاست نہیں کی جا سکتی بلکہ سیاست میں بات چیت کا راستہ ہمیشہ کھلا رکھنا پڑتا ہے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان ڈنڈا برداروں کے زور پر شہر اقتدار پر قابض ہونے کااعلان کر کے پو رے ملک کو جارحیت اور دہشتگردی کا سبق پڑھا رہے ہیں۔لاوہر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہاہے کہ 2 نومبر کو کچھ نہیں ہوگا ، ہم پہلے بھی سرخرو ہوئے تھے انشاء اللہ اب بھی کامیاب ہوں گے۔ پی ٹی آئی کو دھرنو ںاو راحتجاج کے سوا کچھ نہیں آتا۔ عمران خان نے پہلے بھی قوم کے 126 دن ضائع کئے اور اب دوبارہ چینی سرمایہ کاری کے ذریعے ہونے والے سی پیک کے منصوبے کے خلاف سازش کی جارہی ہے ۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ مجھ پر الزامات لگانے والو ںکو یاد رکھنا چاہیے کہ حمزہ شہبازکو زمانہ طالب علمی میں بے نظیر بھٹو کے دور میں گرفتار کرکے سیف ہاؤس اور چھ مہینے اڈیالہ جیل میں رکھا گیا اور ساڑھے آٹھ سالہ مشرف دور میں نیب کے دفتر کے باہر چھ چھ گھنٹے بٹھایاگیا - حمزہ شہباز نے کہاکہ وہ سیاسی کارکن ہیںاور اس وقت سے صعوبتیں برداشت کررہے ہیں جب عمران خان مشرف کے ریفرنڈم کی حمایت اور ان سے دوستی کی پینگیں بڑھا رہے تھے - حمزہ شہباز نے کہاکہ دو سال پہلے بھی عمران خان کو دھرنو ںاو رکنٹینر سے کچھ حاصل نہیں ہوا تھا اور سپریم کورٹ نے ان کے تمام الزامات مسترد کردیئے تھے۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ پاکستانی عوام باشعورہیں وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے قرضہ معاف کروانے والے جہانگیر ترین ، قبضہ گروپ علیم خان کو خوب پہنچاتے ہیں۔
تازہ ترین