• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکانےسندھ میں زندگی کے ہرشعبے میں تعاون کیا ،ہزارخان بجارانی

 کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کےصوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ میر ہزار خان بجارانی کی زیر صدارت  ایک  اہم اجلاس ہوا جس میں یو ایس ایڈ کے 5 رکنی وفد نے شرکت کی۔یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر نے سندھ اور امریکی حکومت کے تعاون سے تعلیم ،صحت ،پانی اور بجلی سے منسلک کئی پروجیکٹس پر بریفننگ دی ۔انہوں نے بتایا کہ میونسپل سروسز ڈیلیوری پروگرام ،سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام اور یو ایس ایڈ کے دیگر پروجیکٹس سندھ میں تعلیم صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر موثر کام کررہے ہیں ۔میر ہزار خان بجارانی نے امریکی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت نے صوبہ سندھ میں زندگی کے ہرشعبے میں تعاون کیا ہے ۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ یو ایس ایڈ اور سندھ حکومت کے تعاون سے ایک پروجیکٹ شروع کیا جائے گا جو صوبہ سندھ کے توانائی ،صحت ،تعلیم اور پانی کے شعبوں پر ملکر کام کرے گا ۔وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ نے امریکی وفد کو بتایا کہ سندھ کے بہت سے  دیہی علاقے پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں لہذٰا اس شعبے میں بھر پور تعاون کی ضرورت ہے ۔امریکی وفد نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا  اور کہا کہ امریکی حکومت صوبہ سندھ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق بہت سے منصوبوں پر کام کررہی ہے ۔میر ہزار خان بجرانی نے صوبے میں بجلی کی قلت کا ذکرکرتے ہوئے  ونڈ اور سولر توانائی سے متعلق موجودہ صلاحیت سے آگاہ کیا ۔امریکی وفد نے توانائی کے شعبے میں بھی بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری وسیم احمد اور پلاننگ وڈیولپمنٹ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔
تازہ ترین