• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، تھانوں کا اضلاع اور زونز میں تبدیلیوں کا سلسلہ شروع

کراچی (افضل ندیم ڈوگر) کراچی کے تھانوں میں ایس ایچ اوز کی تعیناتی اور تبادلوں کے معاملات تو چل ہی رہے ہیں اب تھانوں کا اضلاع اور زونز میں تبدیلیوں کا سلسلہ بھی شروع ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر کے درجن بھر تھانوں کے  اضلاع اور زونز میں تبدیلی کا فیصلہ گذشتہ سال کیا گیا تھا لیکن اس پر عملدرآمد گذشتہ ماہ کے دوران اچانک کیا گیا اور 14 تھانوں کا انتظام ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس عمل سے شہریوں کو مجموعی طور پر فائدہ ہوگا اور ان کے پولیس حکام تک پہنچنے کیلئے فاصلہ بھی کم ہوگا لیکن پولیس کے کالے بجٹ کے حوالے سے اضلاع کی آمدنی ضرور متاثر ہوگی کیونکہ ان تھانوں سے محروم ہونے والے اضلاع کے کالے بجٹ کی آمدنی کم اور کچھ کی زیادہ ہوگی۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران کراچی کے ضلع غربی کے 5 تھانوں کا انتظام ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے حوالے کیا گیا۔ ان میں ویسٹ کے کیماڑی، کے پی ٹی اور ڈاکس تھانہ، اسی ضلع کے ماڑی پور سب ڈویژن کے موچکو اور ما ڑی پور تھانے شامل ہیں۔ اس سے قبل سالہا سال سے یہ تھانے ویسٹ ڈسٹرکٹ کا حصہ رہے، اب یہ تھانے ڈی آئی جی ساؤتھ زون کے زیرانتظام کردیئے گئے ہیں۔ اسی طرح ایک اور تھانہ گلشن معمار کو بھی ضلع غربی سے الگ کرکے ایسٹ زون میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ تھانہ ایسٹ زون کے ملیر ضلع کے ایس ایس پی کے زیرانتظام ہے۔ نئے انتظام کے بعد ضلع غربی کو مجموعی طور پر 6 تھانوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے اور اس کی انتظامی حدود بھی پہلےسے کافی چھوٹی ہوگئی ہے۔ غربی کے 5 تھانے لینے والے ضلع جنوبی کی حدود سے دو تھانوں محمودآباد اور بلوچ کالونی کو الگ کرکے ایسٹ زون کے زیرانتظام کیا گیا۔ اب یہ تھانے ضلع شرقی کے ایس ایس پی کے زیرانتظام ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایسٹ زون کے ہی ضلع ملیر سے سائٹ سپرہائی وے، سہراب گوٹھ اور سچل پولیس اسٹیشن ضلع شرقی کی حدود میں آگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شرافی گوٹھ تھانہ ضلع ملیر سے کورنگی ضلع میں شامل کیا گیا تھا اسے اب واپس ملیر ایس ایس پی کے زیرانتظام کردیا گیا ہے۔ سولجر بازار اور بریگیڈ پولیس اسٹیشن اب تک ضلع شرقی کے ایس ایس پی کے زیرانتظام ہیں اب یہ تھانے ضلع ساؤتھ کے ایس ایس پی کے حوالے کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ان تھانوں کی اضلاع میں تبدیلی کا فیصلہ ایک سال قبل کیا گیا تھا مگر چونکہ ضلع ملیر کے چار تھانے آمدنی کے حوالے سے انتہائی پرکشش تھے۔ ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر وہاں کے ایک سابقہ بااثر ایس ایس پی کی خواہش پر صوبے کی اعلیٰ قیادت نے اس فیصلے پر عملدرآمد روکے رکھا۔ ذرائع کے مطابق اس ایس ایس پی کی معطلی اور ضلع ملیر سے ہٹائے جانے اور ان کی معطلی کے دوران اس فیصلے پر عملدرآمد ہوا۔ 
تازہ ترین