• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ، مودی کیخلاف قرارداد متفقہ منظور، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، وزیردفاع

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ ڈیسک) ایوان بالا کے اجلاس میں بھارتی وزیر اعظم نریند رمودی کے بے بنیاد پروپیگنڈہ اوردہشت گردی کو پاکستان سے منسوب کرنے کیخلاف قرارداد مذمت اور شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویلوں کی تنصیب کیلئے کسانوں کو بلا سود قرضوںکی فراہمی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے سرجیکل اسٹرائیک کے نام پر بھارتی عوام کو بے وقوف بنایا،بھارت نے سرجیکل اسٹرئیک کی کوشش کی تو ایسا جواب دینگے کہ وہ حقیقی کیا جھوٹا دعویٰ کرنا بھی بھول جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرحدی خلاف ورزیوں سے 45 شہری شہید اور 138 زخمی ہوئے، بھارت کی جانب سے ڈیڑھ ماہ میں سرحدی خلاف ورزیوں میں کمی آئی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستان کیساتھ مذاکرات ہوں، مقبوضہ کشمیر کی جدو جہد کا دہشت گردی سے دور کا واسطہ نہیں، وہ حالیہ تحریک کو بھی پاکستان کیساتھ جوڑنے میں بھی ناکام رہا۔  قراردادیں سینٹر سحر کامران اور سینٹر چوہدری تنویر نےپیش کیں۔گزشتہ روز سینیٹ کے اجلاس میں سینٹر سحرکامران نے قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان گووا بھارت میں حالیہ منعقد ہونے والے برکس کانفرنس کے دوران جس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے دہشت گردی کو پاکستان سے منسوب کیا اور بھارت اور اسرائیل کے درمیان یکسانیت پیدا کی اور کشمیر اور فلسطین کے درمیان مشابہت کی طرف اشارہ کیا ایوان بھارتی وزیر اعظم کے اس بے بنیاد پروپیگنڈہ پر بین الاقوامی برادری کے رد عمل کو سراہتا ہے ایوان کو یقین ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے دیا گیا بیان مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کے خلاف بھارتی مظالم سے بین الاقوامی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوشش تھی، ایوان زور دیتا ہے کہ پاکستان کی خود مختاری اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور دہشت گردی کیخلاف لڑنے کے ہمارے عزم اور دنیا میں امن اور ہم آہنکی کوفروغ دے گی۔ قرارداد ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لی۔ جبکہ سینیٹر چوہدری تنویر خان نے قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان سفارش کرتا ہے کہ حکومت ملک میں شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویلوں کی تنصیب کیلئے کسانوں کو بلاسود قرضوںکی فراہمی کیلئے اسکیم شروع کرے قرارداد ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔ وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کیا گیا تھا اور اب بھی کہا جار ہا ہے کہ سرجیکل اسٹرائیک کیا جائے گا اور اگر ایساہوا تو ایسا جواب دیں گے کہ وہ جعلی بھی بھول جائیں گے بھارت کو ایسا جواب دینگے بھارت اصلی کیا جعلی سرجیکل اسٹرائیک کا بھی سوچ نہیں سکتا۔ سینیٹ میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے سرجیکل اسٹرائیک کے نام پر اپنی عوام کو بے وقوف بنایا، بھارتی آرمی چیف نے بیان دیا ہے کہ وہ ایک اور سرجیکل اسٹرائیک کرسکتے ہیں حالانکہ بھارت کے پہلے سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ بھی جعلی تھا، بھارت سرجیکل اسٹرائیک کا دوبارہ جعلی ڈراما رچاتا ہے تو ضرور رچائے لیکن اگر بھارت نے اصلی سرجیکل اسٹرائیک کی کوشش کی تو ہماری فوج ایسا جواب دے گی کہ بھارت جعلی بھی نہیں سوچے گا۔
تازہ ترین