• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران اپنے رویے پر بضد ہیں، چیف الیکشن کمشنر، توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی،اے این این،این این آئی)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو پارٹی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن سے توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کردیاگیا۔پارٹی فنڈز میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق کیس کی سماعت میں تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن میں کوئی جواب جمع کرایا گیا نہ ہی کوئی وکیل پیش ہوا۔ درخواست گزار اکبر ایس بابر کے وکیل نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا موقف ہے الیکشن کمیشن کے خلاف نامناسب الفاظ پر انہوں نے کوئی معافی مانگی ہے نہ ہی ان کے وکیل نے،الیکشن کمیشن عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) رضا خان کا کہنا ہے کہ عمران خان توہین آمیز رویئے پر بضد ہیں۔الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کی درخواست پر عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 فروری تک جواب طلب کرلیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے تحریک انصاف پارٹی فنڈز میں خورد بردکیس کی سماعت کی۔ اکبر ایس بابر نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔ان کے وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں انہوں نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگی نہ وکیل نے۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کوتوہین عدالت درخواست پرنوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔درخواست گزاراکبر ایس بابر کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ پی ٹی آئی کے وکیل ثقلین حیدر نے الیکشن کمیشن سے غیرمشروط معافی مانگی لیکن عمران خان کا کہنا ہے انہوں نے کسی قسم کی کوئی معافی نہیں مانگی۔ عمران خان نے کہا وہ بیان صرف وکیل کی طرف سے تھا میں معافی نہیں مانگوں گا۔ وکیل نے عمران خان کے جانب سے نجی ٹی وی کودئیے گئے انٹرویو اورٹویٹ الیکشن کمیشن میں پیش کئے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عمران خان اپنے طرز عمل پر بضد ہیں تو کیا کرسکتے ہیں لہٰذا نوٹس جاری کرکے ان سے پوچھ لیتے ہیں۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہاکہ عمران خان انصاف کے پیروکار نہیں بلکہ انصاف کے بھگوڑے ہیں۔عمران خان جنگل کے قانون پر بھروسہ کرتے ہیں کل تک ان کا موقف تھا کہ وہ پارٹی فنڈ کے حوالے سے عدالت اور الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں گے مگر آج نہ وہ خود پیش ہوئے اور نہ کوئی جواب دائر ہوا اور نہ ہی ان کے وکیل پیش ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان نے اپنی پارٹی میں غیر قانونی ذرائع سے فنڈز جمع نہیں کیے تو پھر چھپنا کس بات کا ہے انہیں سامنے آنا چاہیے وہ سیاسی جماعت کے لیڈر ہیں انہیں آئینی اداروں کی تضحیک کی کسی طور پر اجازت نہیں دی جا سکتی عمران خان اب احتساب سے بچ نہیں سکتے۔ اکبر ایس بابرنے کہا کہ عمران خان انصاف کے بھگوڑے ہیں۔ جو لیڈر اخلاقیات کا درس دیتا ہے وہ اپنی زبان کی پاسداری نہیں کررہا، میرے دعوے کی تصدیق ہوئی کہ اگرعمران خان نے چوری نہیں کی تو کیوں عدالت سے بھاگ رہے ہیں، پاکستان میں ادارے کمزور ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ اداروں کو تباہ کردیا جائے۔
تازہ ترین