• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز ملتان گیریژن کے دورے کے موقع پر پاکستانی فوج کے جوان کودنیا کا بہترین سپاہی قرار دے کر یقینا کسی مبالغے سے کام نہیں لیا بلکہ ایک ایسی حقیقت کا اظہار کیا ہے جو خود کو عالمی سطح پر منوا چکی ہے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل باجوہ نے افسروں اور جوانوں سے اپنے خطاب میں اس امر واقعی کی نشان دہی کی کہ کوئی بھی فوج اپنے سپاہیوں ہی سے پہچانی جاتی ہے اور پاکستانی سپاہی کا شمار دنیا کے بہترین فوجیوں میں ہوتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ایک بہادر، نڈر اور انتہائی پیشہ ور فوج کا سربراہ ہونے پر فخر ہے۔انہوں نے جوانوں کی روایتی جنگ کی تیاری اور صلاحیتوں کو انتہائی قابل تعریف قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے تجربات نے پاک فوج کو مزید سخت جان بنادیا اور اس کی آپریشنل اہلیت میں قابل لحاظ اضافہ کیا ہے۔ بلاشبہ پاک فوج نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ داخلی سلامتی کے لیے بھی نہایت مؤثر اور نتیجہ خیز خدمات انجام دی ہیں ۔ پچھلے چند برسوں میں اس کا سب سے بڑا مظاہرہ دہشت گردی اور بدامنی کے خلاف کامیاب آپریشن کی شکل میں ہوا ہے جبکہ اسی مدت کے دوران دنیا کے متعدد ملکوں میں دہشت گردی کم ہونے کے بجائے بڑھی ہے۔پاک فوج کے جوان زلزلوں اور سیلاب جیسی آسمانی آفات کے مواقع پر بھی ہمیشہ اپنے ہم وطنوں کی مدد کے لیے پیش پیش رہے ہیں ۔ پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر اور حفاظت کو یقینی بنانے میں بھی ہمارے فوجی جوان بنیادی کردار ادا کررہے ہیں جبکہ صومالیہ، کانگو، بوسنیا، سیرالیون، لائبیریا اورکویت سمیت متعدد ملکوں میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں بھی پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے دوسرے ملکوں کی افواج کے مقابلے میں بالعموم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ امید ہے کہ ملک کی نیک نامی، دفاع اور ترقی کے لیے پاک فوج آنے والے دنوں میں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کا عمل جاری رکھے گی۔


.
تازہ ترین