• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز نوازکی پنشن روکنے کیخلاف درخواست پرفریقین سے جواب طلب

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز کی پنشن روکنے کے خلاف درخواست پر وفاق ، پی سی بی ، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی ، چیئرمین پی سی بی شہر یار خان سمیت دیگر فریقین سے دس روز میں جواب طلب کر لیا ۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ کے چیف جسٹس محمد انور خان کاسی نے درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر سرفراز نواز کے وکیل نعیم بخاری نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل کو کرکٹ بورڈ کی پالیسیوں پر تنقید کرنے پر پنشن سے محروم کر دیا گیا ہے جو قانونی طور پر کسی صورت درست نہیں ۔ پنشن کی ادائیگی کسی پر احسان نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لئے خدمات کے صلے میں دی جاتی ہے۔ میرے موکل نے کرکٹ کے فروغ اور ترقی کے لئے بورڈ کی پالیسیوں پر تنقید کی اور میچ فکسنگ کی لعنت سے پاکستان کرکٹ کو بچانے کے لئے کوشاں رہے۔ انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کے دور میں پاکستان کرکٹ کے حالات بہت خراب ہوئے ہیں ، کرکٹ بورڈ نے محمد آصف ، محمد عامر اور سلمان بٹ کو دوبارہ اجازت دے کر کھیل کو تباہ کیا ہے۔ کرکٹ میچ فکسنگ کے حوالے سے ملک قیوم کمیشن کی سفارشات پر بھی عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ کرکٹ انتظامیہ میں مشکوک کردار کے لوگوں کو جگہ دی گئی جن میں وسیم اکرم ، وقار یونس ، مشتاق احمد ، باسط علی اور معین خان جیسے لوگ شامل ہیں۔ نعیم بخاری نے مزید کہا کہ میرے موکل کو پہلے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا جس کا انہوں نے جواب بھی دیا مگر اس کے باوجود انہیں کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی۔ سرفراز نواز کی پنشن نجم سیٹھی کی ایماءپر روکی گئی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ سرفراز نواز کے خلاف ہونیوالی کارروائی کو روکا جائے اور ان کی پنشن بحال کی جائے۔
تازہ ترین