• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوتاہی کی نشاندہی اور اچھائی کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے، کمانڈنٹ شیخ زید ہسپتال

راولاکوٹ (نمائندہ جنگ، نامہ نگار) کمانڈنٹ شیخ خلیفہ بن زید النہیان ہسپتال راولاکوٹ(سی ایم ایچ) برگیڈئر وسیم احمد نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہمارا مشن ہے اس کے لیے ہسپتال کے ڈاکٹرز اور عملہ چوبیس گھنٹے اپنے فرائض کی ادائیگی نہایت دیانت داری اور فرض شناسی سے کر رہا ہے۔ جہاں کوتاہی  کی نشاندہی کی جاتی ہے وہاں اچھائی کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے تاکہ مل جل کر اس ادارے کو اور زیادہ بہتر اور فعال بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز شیخ خلیفہ بن زید النہیان ہسپتال راولاکوٹ (سی ایم ایچ ) کے کانفرنس ہال میں غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کے عہدیداران و ممبران کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمشنر پونچھ ڈویژن عطاء اللہ عطاء ، ڈپٹی کمشنر پونچھ راجہ طاہر ممتاز ،ڈپٹی کمانڈنٹ کرنل عمار عثمانی اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر محمد سلیم خان اورمیجرمحمد اکمل بھی موجود تھے۔ برگیڈئیر وسیم نے کہا کہ اس وقت یہ ہسپتال پانچ اضلاع کوٹلی، باغ، سدہنوتی، پونچھ ، حویلی کے لاکھوں مریضوں کی واحد بڑی علاج گاہ ہے۔ ہسپتال 350 بیڈز پر مشتمل ہے پچاس سول ڈاکٹرز اور پندرہ ملٹری ڈاکٹرز  فرائض کی انجام دہی کر رہے ہیں جبکہ چالیس سول نرسز اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث ڈاکٹرز اور دیگر عملہ پر کام کا لوڈ ہے ۔کمانڈنٹ وسیم احمد نے کہا کہ روزانہ تقریباً ڈیڑھ ہزار کے قریب مریض علاج کی غرض سے شیخ زید ہسپتال راولاکوٹ آتے ہیں اور مختلف او پی ڈیز میں ان کا علاج کیا جاتا ہے ہمارے پاس پیرا میڈیکل سٹاف اور نرسز کم ہیں جن کے حصول کے لیے ہم اپنے طور پر کوشاں ہیں انہوں نے کہا کہ ہسپتال ہذا میں ایمر جنسی ڈیل کے لیے ٹراما سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے کارڈیک ڈیپارٹمنٹ بنایا گیا ہے نرسنگ ہاسٹل بھی بنایا گیا ہے جبکہ آرتھو پیڈک وارڈ بھی علیحدہ بنائی گئی ہے ہمارے پاس اس وقت تین بلڈ بنک بھی کام کر رہے ہیں جبکہ مریضوں کے ڈائیلائسز بھی کیے جا رہے ہیں البتہ ڈائیلائسز مشینیں صرف چار ہیں مزید مشینوں کے حصول کے لیے اقدامات ہو رہے ہیں جلد ہی ان کی تعداد دس تک ہو جائے گی ۔جس سے زیادہ سے زیادہ مریضوں کا علاج یہاں ممکن ہو سکے گا۔ اس وقت بھی دوشفٹوں میں یہ علاج جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں پر ڈائیلائسز کی صرف پانچ سو روپے فیس لے رہے ہیں جبکہ راولپنڈی اسلا م آباد میں یہ پانچ ہزار روپے ہے ۔کمانڈنٹ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہمارے پاس آنے والے مریضوں کا علاج بہتر طور پر ہو سکے پھر بھی ہم انسان ہیں غلطی ہو سکتی ہے جس کی نشاندہی پر اصلاح احوال کی گنجائش باقی رہتی ہے۔   برگیڈئیر وسیم احمد نے کہا کہ ہسپتال کے گیٹ پر چیکنگ کا جو نظام رکھا گیا ہے وہ مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والوں کیلئے رکھا گیا ہے اس کو ہر ایک کو خوشدلی سے قبول کرنا چاہیے ۔قیمتی جانوں کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پانی ہسپتال کی بنیادی ضرورت ہے سنگولہ سے ہسپتال کیلئے جو واٹر سپلائی لائن بچھائی گئی ہے اس پر عام لوگ کنکشن کر لیتے ہیں جس کی وجہ سے پانی کی سپلائی تعطل کا شکار رہتی ہے اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے عوام علاقہ اس کا خیال رکھیں اور پانی کی سپلائی میں تعطل پیدا نہ کریں تاکہ ہمیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے کمشنر پونچھ ڈوثرن عطاء اللہ عطاء نے اس موقع پرکہا کہ عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے ہم سب کو مل کر اپنا کردار اد کرنا ہوگا۔ ادارے کام کرتے ہیں تو لوگوں کو سہولت میسر آتی ہے۔انہوں نے کہاکہ میں نہیں کہتا کہ تمام محکمے سو فیصد کام کررہے ہیں البتہ یہ ضرور ہے کہ محکموں کی وجہ سے ہی لوگوں کو سہولتیں میسر آرہی ہیں ۔لوگوں کو بھی مختلف محکموں کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے انہوں نے کہاکہ میڈ یا کا کردار نہایت اہم ہے اس دور میں کسی کے ساتھ زیادتی و ناانصافی چھپ نہیں سکتی ۔انہوں نے کہاکہ ہم سب مل کر جب مثبت سمت میں پیش قدمی کریں گے تو اس کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئیں گے بعدمیں صحافیوں کو مختلف وارڈز اور شعبہ جات کا دور ہ کروایاگیا صحافیوں نے اس موقع پر مریضوں سے بھی سوالات کیے اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا مریضوں نے ہسپتال ہذا کی انتظامیہ ، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف وغیرہ کے رویے کی تعریف کی اور اسے مثالی قرار دیا۔   
تازہ ترین