• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں رینجرز کو مکمل اختیارات دئیے جائیں،پرویز الٰہی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ  ق کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب میں رینجرز کو آپریشن کیلئے مکمل اختیارات دئیے جائیں، حکومت میں موجود سہولت کار بھی دہشت گردی کی ایک بڑی وجہ ہیں،ایک وزیر کو فوری گرفتار کر لیا جائے تو سب کچھ واضح ہو جائے گا۔پنجاب آپریشن میں ڈنڈی مار کر شہدا کا خون ضائع نہ کریں، حکمرانوں کی وجہ سے فوجی عدالتوں کی بحالی میں تاخیر ہو رہی ہے۔ وہ ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین شہید کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر شہید کی والدہ، بہنوئی میجر (ر) ڈاکٹر نسیم اور دیگر عزیز و اقارب موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ احمد مبین بڑے محنتی، قابل، دلیر اور فرض شناس افسر تھے، وہ نہایت جراتمندی سے اپنے فرائض ادا کرتے رہے اور اسی دوران دہشت گردوں کی انتقامی کارروائی کا نشانہ بن گئے، ان کی شہادت پوری قوم کیلئے مشعل راہ ہے۔ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے اور اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ ’’را‘‘ افغانستان میں اپنے مراکز کے ذریعے پاکستان میں بم دھماکے اور دہشت گردی کی دوسری وارداتیں کروا رہی ہے۔ انہوں نے چارسدہ میں بم دھماکوں پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔پی ایس ایل کے فائنل کا لاہور میں انعقاد اچھا اقدام ہے۔
تازہ ترین