• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پختونوں سے ناروا سلوک کے خوفناک نتائج برآمد ہونگے،اسفندیار

چارسدہ (نمائندہ جنگ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے پاکستان میں پختون قوم کے ساتھ بنگالیوں والا  نارواسلوک ہو رہا ہے جس کے خوفناک نتائج برآمد ہونگے،  پختونوں کے ساتھ ناقابل بر داشت سلوک کے خلاف اے این پی   آئندہ  حکومت کے کسی بھی مذاکراتی عمل میں شرکت  نہیں کرے گی ،ہم پر پستول تان کر مطالبا ت تسلیم کرانے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ چارسدہ ولی باغ میں پارٹی کارکنان سے خطاب کر تے ہوئے اسفندیارو لی نے  کہا  کہ پختون قوم کو آج بقاء کا مسئلہ در پیش ہے ، پختون قوم تاریخ کی سنگین ترین صورتحال سے دو چا رہے ۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی فاٹا ادغام کے حوالے سے عجیب و غریب تاویلات پیش کر رہے ہیں مگر ہم واضح طور پر بتانا چاہتے ہیں کہ ہم نہ ایف سی آر اور نہ کوئی اصلاحات مانتے ہیں۔ 12مارچ کو اسلام آباد میں فاٹا کے ادغام کے حوالے سے دمادم مست قلندر ہو گا۔انہوں نے فاٹا میں صحیح مر دم شماری ، فا ٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا میں ضم کرنے ، صوبائی اسمبلی اورصوبائی کابینہ میں نمائندگی دینے اور دس سال تک این ایف سی ایوآرڈ میں پانچ فیصد سپیشل گرانٹ دینے کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے مابین جاری کشیدگی کا فائدہ دہشتگرد ا ٹھا رہے ہیں، پاک افغان کشیدگی کم کرنے کیلئے اے این پی اپنا کر دار ادا کر نے کو تیار  ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو رہے ہیں۔ انہوں  نے اس امر پر شدید تحفظات کا اظہار کیا کہ پنجاب اور سندھ کی مر دم شماری کی گنتی لاہور اور کراچی میں جبکہ خیبر پختونخوا اور فاٹا کی گنتی اسلا م آباد میں کی جائیگی ۔ سی پیک کے حوالے سے اسفندیار ولی نے کہاکہ وزیر اعلی پر ویز خٹک اور سپیکر صوبائی اسمبلی کے درمیان سی پیک پر ہم آہنگی کا نہ ہو نا صوبائی حکومت کی اضطرابی کیفیت کا واضح ثبوت ہے۔
تازہ ترین