• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، مردم شماری کا عمل پرامن طریقے سے جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں مردم شماری کا عمل اپنے ساتویں روز بھی جاری رہا۔ منگل کو شمارکنندگان اور دیگر حکام و سیکورٹی اہلکاروں نے متعلقہ علاقوں میں صبح 8بجے آباد ی شماری کا کام شروع کیا تاہم بعض علاقوں میں کام تاخیر سے شروع کیا گیا جو شام 5بجے تک جاری رہا۔ کمشنر کراچی کے دفتر میں قائم مانیٹرنگ سیل کے انچارج زاہد حسین کے مطابق منگل کو پہلے بلاک میں اوسطاً40فیصد آبادی شماری مکمل کی گئی۔ شمار کنندگان کے ہمراہ ایک فوجی اہلکار بھی اعدادوشمار جمع کرتا رہا۔ معمول کے علاقوں میں ہر بلاک میں ایک پولیس اہلکار، حساس علاقوں میں دو پولیس اہلکار سکیورٹی کے لئے مامور اور بعض مقامات پر رینجرز بھی تعینات تھی۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال شہریوں کی جانب سے عملہ نہ پہنچنے اور معذور افراد کا اندراج نہ کرنے کی شکایا ت سامنے آرہی ہیں جن پر فوری ایکشن لے رہے ہیں۔ محکمہ شماریات اور کمشنر کراچی کے دفتر کے مطابق کراچی میں آبادی شماری کے عمل پرامن رہا۔ واضح رہے کہ آبادی شماری کا یہ سلسلہ پہلے بلاک میں  27مارچ تک جاری رہے گا 28مارچ کو ان بلاکس میں بے گھر افراد کی آبادی شماری کی جائے گی ۔29اور 30مارچ کو فارم بھرے جائیں گے جس کے بعد 31مارچ سے دوسرا مرحلہ شروع ہوگا جس میں باقی ماندہ بلاکس کی خانہ و مردم شماری کی جائے گی۔
تازہ ترین