• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاٹن مارکیٹ،روئی کے بھائو میں مجموعی طور پر مندی کا رجحان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روئی کے بھائو میں مجموعی طور پر مندی کا رجحان اورکاروباری حجم بہت کم رہا۔کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ فی من 6700 روپے کے بھائو پر مستحکم رکھا۔صوبہ سندھ و پنجاب میں روئی کا بھائو فی من 6500 تا 7000 رہا۔کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ ملک میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی زبو حالی کے باعث کاروبار سست روی کا شکار رہا۔کاروبار بہت ہی محدود رہ گیا ہے گو کہ جنرز کے پاس صرف سوا دو لاکھ گانٹھوں کا قلیل اسٹاک رہ گیا کام کم ہونے کے سبب اسٹاک رکھنے والے جنرز میں تشویش پائی جاتی ہے۔شدید گرمی کے باعث کپاس پر سوکھ رہی ہے وزن کم ہوتا جا رہا ہے۔ اکا دکا خریدار نظر آتا ہے۔بین الاقوامی کپاس منڈیوں بھارت،چین اور امریکا میں روئی کے بھائو میں اضافہ کے بعد سرد بازاری ہوگئی ہے۔بھارت میں روئی کی کوالٹی گرنے اور ملوں کی خریداری کم ہوگئی ہے جبکہ امریکہ میں یو ایس ڈی اے کی ہفتہ وار رپورٹ میں برآمد کا گراف 46 فیصد کم ہونے کی وجہ سے مندی کا رجحان رہا۔مقامی ٹیکسٹائل سیکٹر کے ذرایع کے مطابق کاٹن یارن اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی مانگ اور بھائو میں کمی اور سرکار کی جانب سے اربوں روپے کے ریفنڈ کی عدم ادائیگی کے باعث زبر دست مالی بحران پیدا ہوگیا ہے۔ دوسری جانب برآمدی پیکیج کے اعلان کو 100 روز کا عرصہ گزر گیا لیکن اس کا اجرا تاحال نہیں ہو سکا ۔
تازہ ترین