• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کا مینڈیٹ ہمارے پاس ہے اور آئندہ بھی رہے گا،وسیم اختر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے ملازمین اور عام شہریوں کے مسائل سننے کے لئے ہفتے میں دو دن کھلی کچہری کے انعقاد کا آغاز کردیا ہے جس کے دوران سائلین براہ راست میئر کراچی سے ملاقات کرکے انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کرسکتے ہیں اس حوالے سے جمعہ کے روز میئر کراچی کے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے میئر کراچی سے ملاقات کرکے اپنے مسائل پیش کئے جن میں سے زیادہ تر پانی و سیوریج، صفائی ستھرائی، تجاوزات ، تعلیم و صحت کے شعبوں سے متعلق تھی جبکہ ملازمین نے اپنی ملازمت کے معاملات خاص طور پر پینشن کی ادائیگی کے حوالے سے پیش مسائل سے میئر کراچی کو آگاہ کیا جس پر میئر نے پیش کی گئی درخواستوں پر متعلقہ افسران اور محکموں کو ضروری احکامات جاری کئے ،اس موقع پر میئر نے کہا کہ شہریوں کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے اور میرے دروازے کراچی کے شہریوں کے لئے کھلے ہوئے ہیں جہاں تک ممکن ہوسکا شہریوں کے مسائل جلد از جلد کرنے کی جدوجہد کرتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں نے طویل عرصے انتظار کیا ہے اور اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے لہٰذا اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ کے ایم سی اور ضلعی بلدیات کے افسران وعملہ شہریوں کو درپیش روزمرہ مسائل حل کرنے میں کوتاہی نہ کرے اور جہاں تک ممکن ہو ان مسائل کو تیزی سے حل کیا جائے تاکہ انہیں روزمرہ زندگی میں ریلیف مل سکے، انہوں نے کہا کہ کراچی کا مینڈیٹ ہمارے پاس ہے اور آئندہ بھی رہے گا ہم کراچی کے لوگوں کے درمیان رہتے ہیں اور ان کے دکھ سکھ میں ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں۔
تازہ ترین