• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آر ڈی اے کنٹرول ایریاز میں غیرقانونی تعمیرات‘ مزید ٹریفک مسائل کا خدشہ

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) آر ڈی اے کے زیر کنٹرول ایریاز میں خلاف نقشہ، بغیر نقشوں اور رہائشی نقشوں پر کمرشل تعمیرات میں اس قدر اضافہ ہو چکا ہے کہ مستقبل میں ان ایریاز میں ٹریفک کے بے پناہ مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آرڈی اے کے کنٹرول ایریاز اور شہر کی 13ہائوسنگ سکیموں میں مبینہ غیرقانونی تعمیرات کا جائزہ لینے کیلئے ایک غیرجانبدار کمیٹی تشکیل دیدی جائے تو اندازہ ہو جائیگا کہ پچھلے چند سالوں میں کس قدر غیرقانونی تعمیرات مبینہ ملی بھگت سے کر لی گئی ہیں جس سے جہاں ادارے کو کمرشلائزیشن کی مد میں کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جا چکا ہے وہاں شہریوں کی طرف سے کمرشل پلازوں اور مارکیٹوں کا سیٹ بیک اور پارکنگ نہ چھوڑنے سے مستقبل میں ٹریفک کے کس قدر مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، اس کا پیشگی اندازہ کیا جا سکتا ہے۔ آر ڈی اے کی شہر میں 13 سکیموں میں پچاس سے زائد غیرقانونی تعمیرات کی نشاندہی ڈائریکٹر آرکیٹیکٹ بھی کر چکے ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول کو تحریری طور پر ہدایت کی کہ ان تعمیرات کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل طے کیا جائے کہ ان کو گرانا ہے یا پھر ان کو ریگولرائز کرنا ہے۔ آر ڈی اے کے کنٹرول ایریاز جی ٹی روڈ، فتح جنگ روڈ، کھوکھر روڈ، ائرپورٹ روڈ، ہائیکورٹ روڈ، اڈیالہ روڈ پر بھی غیرقانونی کمرشل تعمیرات کی گئی ہیں۔ نان کمرشل روڈز ڈیفنس روڈ، مورگاہ روڈ، نیو مورگاہ روڈ، ہائیکورٹ سے ملحقہ روڈز پر جس قدر رہائشی نقشوں یا پھر بغیر منظور شدہ نقشوں کے کمرشل تعمیرات کی جا چکی ہیں اس سے کمرشلائزیشن کی مد میں ادارے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جا چکا ہے جس کا فوری نوٹس لئے جانے کی ضرورت ہے۔ سیٹ بیک اور پارکنگ نہ چھوڑے جانے کی وجہ سے مستقبل میں ٹریفک کے بے پناہ مسائل جنم لے سکتے ہیں۔ نان کمرشل روڈز کی بعض عمارتوں کے نقشے بھی لوگوں نے پاس کروانا گوارہ نہیں کیا اور موقع پر پوری پوری عمارتیں بنا لی گئی ہیں۔ یہ آر ڈی اے کے متعلقہ سٹاف کی مبینہ ملی بھگت سے ہوا یا پھر اس ادارے کے پاس غیرقانونی تعمیرات کو رکوانے کا اختیار ہی نہیں ہے، اعلیٰ حکام کو اس کا بھی نوٹس لینا چاہئے تاکہ ذمہ داروں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ ڈائریکٹر شعبہ بلڈنگ کنٹرول جمشید آفتاب نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ غیرقانونی کمرشل تعمیرات کیخلاف آپریشن کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ایک دو روز میں اڈیالہ روڈ پر بھی غیرقانونی کمرشل تعمیرات کیخلاف آپریشن کرنے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین