• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید کی خوشیوں میں مظلوم کشمیریوں کو فراموش نہ کیا جائے، اقبال ہاشمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت الدعوۃ کراچی کے مسئول مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ عید کی خوشیوں میں مظلوم کشمیری کو فراموش نہ کیا جائے۔ انڈیا طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو یرغمال بنانا چاہتا ہے۔ کشمیری فیصلہ دے چکے ہیں کہ وہ کسی صورت انڈیا کے ساتھ رہنے پر رضامند نہیں۔ حکومت پاناما کے مسئلے کو بڑا مسئلہ سمجھ کر کشمیریوں کو نظر انداز نہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی میں جماعت الوداع کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب افغانستان میں امریکا کی بدترین شکست کی طرح دنیا کی دیگر قوتیں بھی شکست خوردہ ہوکر ناکام و نامراد رہیں گی اور مسلمان آزاد فضاؤں میں عید کی خوشیاں منا رہے ہوں گے۔ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کی وجہ سے مظلوم کشمیری کسمپرسی کی حالت میں عید منا رہے ہیں۔ ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ جماعت الدعوۃ ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تکمیل پاکستان کے لیے کشمیری سبز ہلالی پرچم تھامے قربانیوں کی نئی داستانیں رقم کر رہے ہیں۔ آزادی کے متوالے سنگ بازکشمیری نوجوان کسی صورت غاصب بھارت کا قبضہ قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ بھارت کی ریاستی دہشت گردی پر عالمی سطح پر خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے۔ کشمیر پر ہمارا موقف وہی ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کا تھا۔ پاکستانی قوم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی پشت پر کھڑی ہے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ روزے کا مقصد تقویٰ کا حصول تھا، اگر ماہ رمضان نے ہماری زندگیوں میں مثبت تبدیلی پیدا کی ہے، تو ہم کامیاب ہیں۔

تازہ ترین