• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیٹنگ آرڈرکو اس وقت چھیڑنا مناسب نہیں، سرفراز احمد

کراچی(جنگ نیوز)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اپنا بیٹنگ آرڈر اوپر کرنے کے حق میں نہیں ہیں ، بابر اعظم، محمد حفیظ اور شعیب ملک کے بیٹنگ آرڈر کو اس وقت چھیڑنا مناسب نہیں کیونکہ یہ تینوں اس وقت اچھی کارکردگی دکھارہے ہیں۔چیمپئنز ٹرافی فائنل میں کھلاڑیوں نے قدرتی کھیل پیش کیا جب کہ فتح سے کھلاڑیوں کو نیا حوصلہ ملا ہے اور ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، یہ فتح پاکستان کرکٹ کو بہت آگے لے کر جائے گی۔ لیکن اس کے لیے تمام کھلاڑیوں کو مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانی ہوگی۔ ان کی کوشش ہوگی کہ عمدہ کارکردگی کے اس تسلسل کو برقرار رکھا جائے ۔ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم پر بہت زیادہ تنقید ہوتی رہی ہے کہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق کرکٹ نہیں کھیل رہی، جب وہ کپتان بنے تو انھوں نے اپنے تجرے کی بنیاد پر کھلاڑیوں سے صرف یہ بات کہی کہ وہ جو کھیل ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلتے ہیں اسی بےخوفی اور اعتماد کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی کھیلیں۔ نوجوان کرکٹرز نے اس پر عمل کیا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی تو فتوحات کا تسلسل جاری رکھنے کی کوشش کروں گا۔ 

تازہ ترین