• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کا مستقبل لیبر کے ہاتھوں مضبوط ہوگا، راجر گارڈ سف

برمنگھم(آصف محمود براہٹلوی) برطانیہ کا مستقبل لیبر پارٹی کے ہاتھوں مضبوط اور مستحکم ہوگا۔ لیبر پارٹی تمام کمیونٹیز کی نمائندگی کرتی ہے لیبر لیڈر جرمی کوربن نے ایک انقلابی منشور دیکر برطانیہ بھر کی نوجوان نسل کو روشن مستقبل کی نئی امید کی کرن دی ہے۔ آنے والا وقت لیبر پارٹی کا ہے۔ ان خیالات کااظہار نو منتخب ممبر آف پارلیمنٹ راجر گارڈ سف نے آل جموں وکشمیر مغل ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سےا پنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب میں کیا۔ جس میں میزبان محمد سعید مغل ایم بی ای، وائس چیئرمین مرزا اختر محمود، چوہدری گلبہار، ایکس سی این میرپور محمد نذیر مغل، سید رشید جماعتی، زاہد چوہدری ایڈووکیٹ، سابق ایڈیٹرکوٹلی الیاس چوہدری، ایوب سرکھوی، سینئر کونسلر چوہدری محمد فاضل، چوہدری عبدالغفور کھاڑک، چوہدری خالق، نوید رانا، خرم ظفر اور دیگر کثیر تعداد میں کمیونٹی رہنما موجود تھے۔ راجر گارڈ سف گزشتہ پچیس برسوں سے اس حلقہ سے ممبر آف پارلیمنٹ منتخب ہوتے چلے آ رہے ہیں۔ سعید مغل نے کہا کہ ہر بار راجر گارڈ سف پہلے کی نسبت زیادہ عوامی مینڈیٹ کے ساتھ منتخب ہوتے ہیں، اس باراس پورے خطے میں چونتیس ہزار کی تاریخی میجارٹی سے کامیابی حاصل کی ہے اور اس حلقے کی تنتالیس سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ ووٹ اکتالیس ہزار لیکر منتخب ہوئے ہیں اور یقیناً اپنے عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے انہیں درپیش مسائل حل کریں گے۔ مہمان خصوصی نو منتخب ممبر آف پارلیمنٹ راجر گارڈ سف نے مزید کہا کہ برطانوی عوام جمہوری مزاج رکھتے ہیں انہوں نے وزیراعظم تھریسامے کی پلاننگ کو مسترد کردیا۔ ٹوری پہلے کی نسبت اب عوامی اعتماد کھوچکی ہے۔ بریگزٹ میں برطانیہ کا پہلے والا اثر ورسوخ نہیں رہا، لیبر لیڈر جرمی کوربن الیکشن کے بعد ایک نئے اعتماد کے ساتھ سامنے آئے ہیں اب برطانیہ کا مستقبل لیبر پارٹی کی قیادت میں روشن ہے۔ جلد یا دیر لیبر پارٹی نے ہی عوامی مینڈیٹ سے حکومت تشکیل دینی ہے۔ اس موقع پر کمیونٹی نے امیگریشن پالیسی بالخصوص سپاوز ویزہ فیس سمیت کشمیر ایشو اور NHSکے حوالے سے مسائل کو ہائی لائٹ کیا جنہیں نو منتخب ممبر آف پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ میں اٹھانے کی یقین دہانی کروائی۔

تازہ ترین