• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ججز ،جے آئی ٹی کو دھمکیاں ،نہال ہاشمی پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ نے پانامہ پیپرز لیکس کیس کے مقدمہ کی سماعت کرنے والے ججز ،جے آئی ٹی کے اراکین اور ان کے اہل خانہ کو مبینہ طور پر نفرت انگیز تقریر کے ذریعے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں توہین عدالت میں سینیٹر نہال ہاشمی پر فرد جرم عائد کردی ہے،جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 3رکنی بینچ نے سوموار کے روز توہین عدالت کے مقدمہ کی سماعت کی تو ملزم نہال ہاشمی اور ان کے وکیل حشمت علی حبیب پیش ہوئے ،فاضل وکیل نے عدالت سے مزید مہلت طلب کی تو عدالت نے ان کی استدعا مسترد کردی اور اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی کو ان پر فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیا توحشمت حبیب نے کہا کہ میں ا پنے جمع کرائے گئے دلائل پر جواب دینا چاہتا ہوں ،جس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ جب ہم جواب سے ہی مطمئن نہیں ہیں تو پھردلائل دینے کی ضرورت ہی نہیں ہے ،جسٹس اعجاز افضل خان نے کہا کہ ہم نہال ہاشمی پر فرد جرم عائد کررہے ہیں،بعد میں آپ کا موقف بھی سنیں گے ،جس پر فاضل وکیل نے کہا کہ نہال ہاشمی کمرہ عدالت میں موجود ہیں انہوں نے تو کسی قسم کی توہین کی ہی نہیں ہے تو پھر فرد جرم کیسی؟ جس پر جسٹس اعجاز افضل خان نے کہا کہ ہم نے فی الحال کسی قسم کی گرفتاری کا حکم نہیں دیا ہے ، آپ کو صفائی کا موقع دیا جائے گا۔بعد ازاں عدالت کے حکم پر اٹارنی جنرل نے ان پر فرد جرم عائد کی اور ان سے اس پر دستخط لئے گئے ،تاہم انہوں نے جرم کے ارتکاب سے انکار کردیا ،بعد ازاں کیس کی مزید سماعت 24جولائی تک ملتوی کردی گئی ۔

تازہ ترین