• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم تو عمران خان کے بچپن تک کی منی ٹریل دے رہے ہیں،پی ٹی آئی

Todays Print

اسلام آباد (صباح نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف کے بیٹے کا انگلینڈ میں 600 کروڑ کا فلیٹ ہے جبکہ عمران خان کا انگلینڈ میں فلیٹ صرف 50 لاکھ روپے کا تھا، ایک آدمی نے پوری زندگی کرکٹ کھیل کر ایک گھر بنایا جس کا حساب ہی ختم ہونے میں نہیں آرہا، ہم تو عمران خان کے بچپن تک کی منی ٹریل دے رہے ہیں، مقدمے کا انجام ردی کی ٹوکری ہے۔جبکہ مراد سعید نے کہا کہ پاناما نہ ہوتا تو عمران خان پر کیس نہ بنایا جاتا۔

پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نااہلی کیس سے کچھ نہیں نکلنا اور پی ٹی آئی چیئرمین کیخلاف مقدمات کا انجام ردی کی ٹوکری ہے، (ن) لیگ سمیت کوئی بھی سیاسی پارٹی اپنی منی ٹریل دے تو پتہ لگ جائیگا، زرداری ہوں فضل الرحمٰن یا نوازشریف کوئی بھی عمران جیسی ایک منی ٹریل دیکر دکھادے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا لندن سے منی ٹریل منگوا کر عدالت میں جمع کرادی ہے اور ن لیگ کے اعتراضات دورکردیئے ہیں، عمران خان نے لندن میں فلیٹ ایک لاکھ 17 ہزار پانڈ میں خریدا تھا، 1980میں وہ کائونٹی کے مہنگے ترین کرکٹر تھے۔ عمران خان کی کائونٹی کھیلنے کی تفصیلات ویب سائٹ پر موجود ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا وکلا ٔنے بنی گالہ پراپرٹی کی منی ٹریل جمع کرا دی ہے، عمران کیخلاف انکوائری اب عدالت کے استفسار پر چل رہی ہے۔عمران خان کا انگلینڈ میں 50لاکھ روپے کا فلیٹ تھا، وزیر اعظم کے صاحبزادے کا انگلینڈ میں 600 کروڑ کا فلیٹ ہے۔ ایک لاکھ 17 ہزار پانڈز کا حساب مانگا جا رہا ہے جبکہ ساڑھے 3 لاکھ پانڈز کی رسیدیں دے دی ہیں۔

فارن فنڈنگ کیس میں بھی رتی برابر وزن نہیں ہے۔صرف ن لیگ کی بلیوں کو چھیچھڑوں کے خواب آرہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنمامراد سعید نے کہا پاناماکا کیس نہ ہوتا تو عمران خان پر کوئی کیس نہ بنایا جاتا۔حکومت کا خیال تھا کہ اگر عمران خان کے خلاف کیس چلایا تو وہ کرپشن کے خلاف آواز نہیں اٹھائیں گے۔

تازہ ترین