• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان اور ٹیم انتظامیہ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، شہریارخان

Todays Print

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان نے آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعدکوچ صبیح اظہر ،کپتان ثنا ء میر اور منیجر عائشہ اشعر کو بھی ہٹانے کا عندیہ دیا ہے۔لندن سے انٹر ویو میں شہریار خان نے کہا کہ خواتین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی سے بہت مایوس ہوںک۔انگلینڈ میںپاکستان وویمنز ٹیم میں گروپنگ کی خبریں اور سنیئرکھلاڑیوں کی کارکردگی مایوس کن تھی۔گروپنگ کی خبروں کا جائزہ لیں گے اور ٹیم انتظامیہ کی رپورٹ کو سامنے رکھیں گے۔

شہریار خان نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کپتان ثناء میر اور باقی مینجمنٹ کو تبدیل کر دیا جائے۔جنگ کو موصولہ اطلاعات کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران پاکستان ٹیم گروپنگ کا شکار رہی۔کوچ من پسند کھلاڑیوں کو پر وموٹ کرتے رہے۔جبکہ کپتان اور منیجر اپنے گروپ کو پروموٹ کرتی رہیں۔سابق ٹیسٹ اوپنر اور چیف سلیکٹر محمد الیاس بھی صورتحال میں بے بس دکھائی دیئے۔

جب بھی انہوں نے ٹیم میں بہتری کے لئے تجاویز دیں انہیں بھرپور مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔کپتان نے الزام لگایا ہے کہ باہر سے انہیں غلط مشورے بھیجے گئے۔جنوبی افریقا کے میچ میں آخری اوور دینے پر بھی ٹیم انتظامیہ اختلافات کا شکار دکھائی دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پورے ٹورنامنٹ میں ٹیم انتظامیہ ایک صفحے پر نہیں تھی۔ہر کوئی اپنی الگ رائے رکھتا تھا۔صبیح اظہر کا شمار پاکستان کے صف اول کے کوچز میں ہوتا تھا لیکن خواتین ٹیم کو کنٹرول کرنے میں وہ بھی بے بس دکھائی دیئے۔

تازہ ترین