• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی معیشت و سیاست میں برٹش پاکستانیوں کا کردار ناقابل فراموش ہے، مقررین

سلائو( اورنگزیب چوہدری ) برٹش پاکستانیوں کا برطانیہ کی سیاست اور معیشت میں کردار ناقابل فراموش ہے، کیمونٹی اتفاق و اتحاد کے ساتھ اپنی اجتماعی کوششوں کو جاری رکھے۔ برطانیہ میں کی جانے والی محنت کا مثبت نتیجہ ملتا ہے۔ان خیالات کا اظہار ممبرپارلیمنٹ بیڈ فورڈ راجہ یٰسین ،ایم پی سلائو تنمن جیت سنگھ دیسی اورلارڈ قربان حسین نے سلائو میں ممتاز کاروباری شخصیت حاجی عابد حسین کے میرج ہال کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کی صدارت مئیر سلائو عشرت شاہ نے کی۔تقریب میں ایک ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔دیگر مہمانان گرامی میں مئیر لوٹن چوہدری ایوب، مئیر ملٹن کینز عنصر حسین، مئیر سلاو عشرت شاہ ،مئیر آف ہائی ویکم، مئیر ریڈنگ، سابق مئیرز، کونسلرز،سابق وزیر آزاد کشمیر محمود ریاض ،سابق مشیر چوہدری شعبان، چوہدری اشتیاق ،راجہ نوید گوگا ،صدر پاکستان ویلفیئر ایسوسی ایشن سلائو راجہ شبیر شامل تھے،سٹیج سیکرٹری کے فرائض نعیم نقشبندی نے سرانجام دیئے۔

راجہ یٰسین، تن منجیت سنگھ اور لارڈ قربان حسین نے مزید کہا برطانیہ ہمارا ملک ہے ہی ہمیں اس کی تعمیر و ترقی میں بھرپور حصہ لینا چاہئے۔ برطانیہ کی سیاست اور کاروبار میں ہمارا متحرک کردار انتہائی ضروری اور فائدہ مند ہے۔ برٹش پاکستانیوں نے برطانیہ کے تمام شعبہ جات میں ترقی کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ باصلاحیت قوم ہے،ہمیں اجتماعی مفادات کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔ تقریب کے میزبان حاجی عابد حسین نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ خلوص نیت کے ساتھ کی جانے والی محنت کسی صورت رائیگاں نہیں جاتی۔آج کی تقریب میں ممبران پارلیمنٹ، ممبران ہاؤس آف لارڈز، درجنوں مئیرز، کونسلرز، کمیونٹی رہنماؤں کی شرکت نے میرے حوصلے بلند کر دیئے ہیں۔

کیمونٹی کا پیار اور محبت میری زندگی کا سرمایہ ہے۔نعیم نقشبندی نےکہاکہ برٹش پاکستانیوں کی کامیابیاں دیکھ کر انتہائی خوشی ہوتی ہےاور سر فحر سے بلند ہو گیا ہے۔ صدر تقریب مئیر عشرت شاہ نے کہا برطانیہ کی معیشت میں برٹش پاکستانیوں کا مثبت کردار ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے۔ مئیر لوٹن چوہدری ایوب، عنصر حسین ،مئیر ہائی ویکم، پاکستان بار کونسل کے ممبر چوہدری واصف سمیت دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔

تازہ ترین