• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسجد اقصیٰ پر یہودی یلغار امت مسلمہ کے لئے چیلنج ہے، سجاد رضوی

برمنگھم (نمائندہ جنگ) مسجد اقصیٰ پر یہودی یلغار پوری امت مسلمہ کے لیے کھلا چیلنج ہے، امت مسلمہ کو آپس میں جھگڑنے کی بجائے مقبوضہ علاقوں کی آزادی سمیت پوری دنیا میں مظلوم و محکوم مسلمانوں کی مدد کے لیے عملی طور پر کردار ادا کرنا ہوگا۔ برطانیہ کی مسلم کمیونٹی نوجوان نسل کو انتہا پسندی اور دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے لیے اصلاحی و تربیتی محافل کا اہتمام کریں۔ ان خیالات کا اظہار خطیب نوٹنگھم علامہ محمد سجاد رضوی نے مرکزی جامع مسجد انوارالعلوم کیپ ہل سمیدک میں منعقدہ روحانی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس محفل کی صدارت خطیب و امام مسجد علامہ قاری فخرالزمان نے کی۔ جبکہ تقریب سے علامہ عاطف حیدری، علامہ منور حسین نقشبندی، حافظ وحید محمود، حافظ عمر الازہری اور دیگر علما و مشائخ نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے عصری مسائل اور چیلنجز پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ کے اس نازک دور میں امت مسلمہ کو اتحاد و اتفاق اپناکر اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ اسلام دشمن طاقتیں بغیر کسی مسلک و امتیاز کے اپنی کارروائیوں سے مسلمانوں کو کمزور کررہی ہیں۔

قاری فخرالزمان نے صدارتی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں مسلمانوں کو اپنی نوجوان نسل کا ناطہ مساجد اور روحانی مراکز سے جوڑنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ پر یہودی یلغار کھلی دہشت گردی ہے۔ علامہ سجاد نے مزید کہا کہ ہمیں تعلیمات دنیویؐ کو اپنی عملی زندگیوں میں نافذ کرکے اپنی اپنی بھی اصلاح کرنی ہوگی۔ ہمارے بے شمار مسائل کی وجہ ہماری آپسی انا پسندی اور تنقید ہے۔ ہمیں آپس میں بھائی چارے کی فضا قائم کرنی ہوگی۔

دیگر مقررین نے کہا کہ ہمیں اپنے طرز عمل اور کردار کو بھی درست کرنا ہوگا، تاکہ غیر مسلم ہمارے کردار سے متاثر ہوکر دائرہ اسلام میں داخل ہوسکے۔ اس موقع پر کشمیر اور فلسطین سمیت تمام مقبوضہ علاقوں کی آزادی اور برطانیہ کے استحکام کے لیے خصوصی طور پر دعا کی گئی۔ آخر میں ماہانہ گیارہویں غوث اعظم کی نسبت سے طعام تقسیم کیا گیا۔

تازہ ترین