• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برٹش پاکستانی فرو عی اور علاقائی تقسیم ختم کرکے متحد ہوجائیں، سید ابن عباس

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس نے بریڈ فورڈ کا دورہ کرتے ہوئے بریڈ فورڈ قونصلیٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہبرٹش پاکستانی فروعی اورعلاقائی تقسیم ختم کرکےمتحدہوجائیں،کمیونٹی برطانوی قوانین کی پاسداری کرے،منزل کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، برطانیہ میں رہتے ہوئے ہم سب پاکستان کے سفیر جبکہ قونصل خانے قوم کی امانت ہیں،قومی امانت اورقومی پرچم کی عزت و تکریم اور دیکھ بھال ہمارے فرائض میں ہونی چاہئے ، ہم سب کو مل جل کر آگے بڑھنا ہوگا۔

انھوں نے کمیونٹی کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کی اورکہاکہ پاکستان بنانے کے لئے ہمارے بزرگوں نے جو عظیم قربانیاں دی ہیں ہمیں نہ صرف ان کو یاد کرناچاہئے بلکہ نوجوان نسل کو پاکستان کی تاریخ سے روشناس کرانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، خوشی کی بات ہے کہ جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہورہی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ سی پیک کا منصوبہ خطے میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ دنیا میں اعتماد بڑھا ہے۔ آج56بلین ڈالر کی پاکستان میں انویسٹ منٹ ہورہی ہے۔

اس سے قبل اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ وہ برطانیہ میں مقیم ہم وطنوں کوبہترخدمات فراہم کرتے رہیں گے ، ہم سب کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ برطانیہ میں برٹش پاکستانیوں کو بے شمار چیلنجوں کا سامنا ہے۔ ہمیں باہم تقسیم ہونے کی بجائے متحد ہوکر قومی کاز کے تحفظ کے ساتھ ساتھ برطانوی معاشرے میں آگے بڑھ کر نمایاں کردار ادا کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ برطانوی پارلیمنٹ میں ہمارے12ممبران ہیں اور سیکڑوں کی تعداد میں کونسلرز اور لارڈ میئر ہیں، ہمیں ان کی کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان ہماری مادروطن اوربرطانیہ ہماراگھرہے۔

برطانوی قانون کی پاسداری اور اس ملک کی خیرخواہی کے لیے ہمیں اپنا فرض ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں بہترین تعلیمی مواقع موجود ہیں۔ ہمیں ان سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہوگا۔ تعلیم ہی وہ سیڑھی ہے جس سے ہم کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہیں اور اس نئی نسل کو پروان چڑھانے میں خواتین کا اہم کردار ہوتا ہے۔ خواتین کو معاشرے میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہمیں خواتین کو اپنے مذہب اور معاشرے کے قوانین کے تحت جو حقوق دیے گئے ہیں انہیں دینا ہوں گے، تاکہ معاشرے میں آزادی سے اپنا بھرپور رول ادا کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ والدین اپنی ذمہ داریاں کا احساس کریں۔ بچوں کی ویلفیئر اور تعلیم میں ان کے ساتھ ربط کو مضبوط کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قومی مفاد کے لیے فروعی اور علاقائی تقسیم کو ختم کرکے متحد ہونا ہوگا۔ کشمیر کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ پاکستانی، کشمیری بہن، بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کھڑا ہے۔ جب تک کشمیری اپنی منزل حاصل نہیں کرلیتے دنیا کے ہر فورم میں ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ پاکستان کا استحکام کشمیر سے منسلک ہے۔ اس موقع پرناز شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ برطانیہ میں پاکستانی قونصل خانے لوگوں کی ویلفیئر کے لیے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ بریڈ فورڈ قونصل خانے کی نئی عمارت میں لوگوں کو مزید سہولیات میسر ہورہی ہیں۔

انہوں نے بریڈ فورڈ کے قنوصل جنرل احمد امجد علی کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال کے مختصر عرصے میں انہوں نے نہ صرف پاکستانی کمیونٹی کو متحرک کیا، یوم آزادی کے موقع پر بریڈ فورڈ بھر میں قومی جشن جس میں خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی، بہترین مثال ہے۔ ناز شاہ نے کہا کہ برطانیہ میں برٹش پاکستانی، پاکستان اور اسلام کے سفیر ہیں۔ ہمیں اپنے بہترین کردار کے ساتھ ساتھ پاکستان کے قومی مفاد پاکستان کے خلاف ہونے والی بیرونی سازشوں کے لیے بھی متحد ہوکر اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ برطانیہ میں مسلمانوں کے خلاف منفی پروپیگنڈے کو ہما پنے بہترین کردار اور یکجہتی سے ختم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت ممبر پارلیمنٹ پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف ہونے والی سازشوں پر آواز بلند کی ہے ۔

ناز شاہ نے کمیونٹی سے اپیل کی پاکستان کے سافٹ امیج کو بہتر کرنے کے لیے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ 20اگست کو ہونے والی عظیم الشان پریڈ میں ہم سب کو ایک قومی کاز سمجھ کر شرکت کرنی چاہیے۔ اس سے قبل پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس بریڈ فورڈ پہنچے تو ان کا احمد امجد علی نے استقبال کیا۔ بریڈ فورڈ قونصلیٹ کی نئی عمارت کے مختلف حصے دکھائے۔ سید ابن عباس نے بریڈ فورڈ میں مختلف طبقہ فکر کے لوگوں سے ملاقاتیں بھی کیں۔ بریڈ فورڈ کونسل کا دورہ کرتے ہوئے لارڈ میئر کونسلر عابد حسین سے ملاقات کی اور انہیں لارڈ میئر بننے کی مبارکباد دی۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ بحیثیت پاکستانی ہمیں فخر ہے کہ برطانیہ میں اپنی بھرپور محنت اور لگن سے زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھتے ہوئے اہم عہدوں پر فائز ہوکر ملک اور قوم کا نام روشن کررہے ہیں۔ اس موقع پر لارڈ میئر عابد حسین نے بھی سید ابن عباس کا بریڈ فورڈ کونسل آمد پر شکریہ ادا کیا اور بریڈ فورڈ کونسل کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ لارڈ میئر کے چیمبر میں ہونے والی میٹنگ میں ممبر پارلیمنٹ بیرسٹر عمران حسین، سابق لارڈ میئر کونسلر خادم حسین، الحاج ظفر اقبال جماعتی، ساجد پنوں اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پاکستان ہائی کمشنر سید ابن عباس نے زور دیا کہ ہمیں نوجوان نسل کو متحرک کرنا ہوگا۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے کونسل کی لیڈر سوزان ہنچکلف کو یقین دلایا۔ وہ بریڈ فورڈ میں ٹریڈ کو مضبوط کرنے کے لیے پاکستانی تاجروں سے ایک میٹنگ کریں گے۔ اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنرپر لیڈز بریڈ فورڈ ایئر پورٹ سے پاکستان کیلئے پروازوں کی بحالی پرزور دیاگیاجس پر انھوں نے اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

تازہ ترین